تازہ تر ین

ون ڈے میں ٹاپ پوزیشن کا حصول بڑا ہدف

کراچی (بی این پی )قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا آئندہ بڑا ہدف یہ ہے کہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں قومی کرکٹ ٹیم ٹاپ پوزیشن حاصل کر لے ،ایک ٹورنامنٹ جیت کر آٹھویں سے چھٹے نمبر پر رسائی بڑی کامیابی ہے ،اچھی کارکردگی سے اسے مزید بہتر کریں گے۔قومی چیف سلیکٹر انضمام الحق کے مطابق چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد اب ان کا اگلا ہدف آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنا ہے کیونکہ ایک ٹورنامنٹ میں ٹائٹل فتح کے بعد آٹھویں سے چھٹی پوزیشن پر پہنچ جانا بہت بڑی کامیابی ہے اور ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل کی بدولت وہ رینکنگ میں بہتری کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ایک سوال پر سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ اگر قومی کرکٹرز عزم کرلیں کہ انہیں نمبر ون پوزیشن پر آنا ہے تو پھر انہیں ایسا کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا،چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو کوئی بھی فیورٹ نہیں سمجھ رہا تھا جو سب کی نگاہ میں ایک کمزور ٹیم تھی لیکن اس نے اپنے سے بہتر ٹیموں کو مات دے کر چیمپئنز ٹرافی جیتی۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ جب ٹیم گلوبل ایونٹ جیت سکتی ہے تو پھر عالمی نمبر ایک پوزیشن کا حصول بھی ناممکن نہیں ہے مگر اس کیلئے گرین شرٹس کو سخت محنت کرنا ہوگی۔ قومی چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کی وجہ سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا بڑا اچھا موقع ملا اور اس ایونٹ نے شاداب خان، فخر زمان اور حسن علی جیسے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو قومی سطح پر ابھارا جو پاکستانی ٹیم کی پوزیشن کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی جتوانے میں سب سے اہم کردار نوجوان کرکٹرز نے ہی ادا کیا اور پاکستان کرکٹ کو ٹریک پر لانے کیلئے ایسے ہی جوش و جذبے کی ضرورت ہے اور اب مستقبل میں پوری کوشش ہو گی کہ قومی کرکٹ ٹیم کو ایسے بہترین کھلاڑی دستیاب ہوں جو فتح کی ضمانت بن سکیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain