ڈاکٹر نوشین عمران
پٹھے اکڑ جانے اور درد کرنے کی شکایت عام ہے۔ ہر شخص کو کسی نہ کسی وقت اس مسئلے کا سامنا رہتا ہے۔ اکثر پیروں، ٹانگوں، رانوں کے پٹھے اکڑتے ہیں۔ کمر کے پچھلے حصے، انگلیوں، ہاتھوں، کندھوں میں بھی یہ شکایت رہتی ہے۔ یہ کوئی بڑی بیماری نہیں بلکہ ایک ایسی علامت ہے جو کسی کیفیت کے باعث وقتی طور پر ہوتی ہے۔ کئی لوگ شکایت کرتے ہیں کہ بغیر کسی مشقت کے پیروں میں درد اور اکڑاﺅ رہتا ہے۔ کبھی اچانک بہت زیادہ ورزش، یا واک کے بعد ٹانگوں میں اکڑاﺅ آ جاتا ہے جس کی وجہ بہت کم استعمال ہونے والے پٹھوں کا اچانک بہت زیادہ استعمال ہے۔ بعض افراد کو یہ مسئلہ کچھ زیادہ اور بار بار ہوتا ہے۔ بار بار پٹھوں کے اکڑ جانے کی عام وجوہات پٹھوں کو اپنی طاقت سے زیادہ استعمال، جسم میں پانی کی کمی، ڈی ہائڈریشن، جسم سے نمکیات، معدنیات الیکٹرو لائٹس (خاص کر کیلشیم، پوٹاشیم، میگنشیم) کی کمی، پٹھوں کو لگنے والی چوٹ، بہت دیر تک پٹھوں کو ایک ہی حالت میں رکھنا ہو سکتے ہیں۔ بعض اوقات نیند کی حالت میں یا بستر پر لیٹے لیٹے (بغیر کسی ورزش) پنڈلی یا پیر کے انگوٹھے اور انگلیوں میں اکڑاﺅ محسوس ہوتا ہے۔ اس کی وجہ بھی وہی مانی جاتی ہے جو پٹھوں کے اکڑاﺅ کی عمومی وجوہات ہیں۔ بعض اوقات مستقل اکڑنے والے پٹھوں میں وجہ ان پٹھوں تک خون کی کم فراہمی ہے۔ پٹھوں کی مطلوبہ طلب کے مطابق خون کی گردش نہیں ہوتی اس لیے ان پٹھوں میں نہ صرف آکسیجن کم ہو جاتی ہے بلکہ خون کے جانے والی غذائی معدنیات نمکیات اور دوسرے اجزاءبھی کم ہو جاتے ہیں۔ خون کی نالیوں کے سخت ہو جانے کے باعث ایسا ہو سکتا ہے۔ ایک اور وجہ جسم کے کسی خاص حصے پر جانے والی نسوں کا دباﺅ ہے۔ کمر کے نچلے، مہروں میں کسی مسئلہ کے باعث ٹانگوں کی طرف جانے والی نسوں یا کسی ایک نس پر دباﺅ کے باعث پنڈلی، ٹانگ، ران میں درد اور اکڑاﺅ محسوس ہو سکتا ہے۔ ہائی بلڈ پریشر، ذیا بیطس، گردوں کے امراض میں مبتلا افراد، جگر کے امراض کے مریضوں میں اکثر یہ مسائل رہتے ہیں۔ پیشاب آو ادویات، کولیسٹرول کم کرنے والی ادویات اور سٹیرائڈ ادویات لینے والے افراد کو بھی یہ مسئلہ رہتا ہے۔
ایسے افراد پٹھوں کی ہلکی ورزش ضرور کرتے رہا کریں جس وقت پٹھے اکڑے محسوس ہوں، انکا ہلکا مساج کریں یا ٹانگ کو آہستہ آہستہ سیدھا پھر اکٹھا کریں ایسا بار بار کریں۔ گرم پانی کی بوتل، کسی گرم کپڑے سے سینک کریں۔ پیروں میں یہ تکلیف رہنے والے لوگ نیم گرم پانی کے ٹب یا برتن میں چند منٹ پیر ڈبو کر رکھیں، پانی بہت پئیں اگر چاہیں تو نمکول اور او آر ایس بھی پی سکتے ہیں خاص کر گرمی کے موسم میں کبھی کبھار بغیر ضرورت بھی او آر ایس نمکول پی سکتے ہیں۔ دودھ، دہی، لسی استعمال کریں۔ ٹانگوں کی ہلکی ورزش روزانہ کریں۔ اگر کھڑے ہو کر ناممکن نہ ہو تو بیٹھے بیٹھے یا لیٹے لیٹے بھی ٹانگ اکٹھا کریں پھر سیدھا کریں۔ پیروں کو نیچے پھر اوپر کی طرف کھینچ کر رکھیں۔ گھٹنے سیدھے پھر اکٹھے کریں۔ یہ ہلکی ورزش بار بار اور روزانہ کریں۔ اگر ان چیزوں سے بھی یہ مسئلہ حل نہ ہو تو کچھ عرصہ کیلئے وٹامن بی کمپلیکس کی گولی روزانہ لے سکتے ہیں یا کوئی اچھی ملٹی وٹامن لے سکتے ہیں۔
٭٭٭