نئی دہلی(آئی این پی) چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان سے عبرت ناک شکست کے باوجود بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی اور اس حوالے سے انہوں نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر ویرات کوہلی کے فالوورز کی تعداد 3 کروڑ سے زائد ہوچکی ہے اور بھارت میں اب صرف وزیر اعظم نریندر مودی ہی کے فالوورز کی تعداد ان سے زیادہ یعنی 4 کروڑ ہے۔فیس بک پر پسندیدگی کی اس دوڑ میں کوہلی نے معروف بالی ووڈ فنکاروں جیسے سلمان خان، دپیکا پڈوکون، پریانکا چوپڑا اور معروف کرکٹر سچن ٹنڈولکر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔فیس بک پر کوہلی کا آفیشل صفحہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا صفحہ بھی بن چکا ہے اور اس فہرست میں کوہلی معروف فٹ بالرز کرسچیانو رونالڈو اور لیونل میسی کی صف میں کھڑے ہیں۔رواں ماہ کوہلی فوربز کی سب سے زیادہ کمانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی جگہ بنا چکے ہیں اور اس ضمن میں وہ واحد بھارتی کھلاڑی ہیں۔