گال (نیوزایجنسیاں) سری لنکا کے شیروں کے آگے ہرن جیسی معصوم ٹیم زمبابوے نے ایسی قلانچیں بھریں کہ لنکا کو چھلنی چھلنی کردیا۔ پہلے ون ڈے میں نہ صرف پہاڑ جیسا ہدف با آسانی حاصل کرلیا بلکہ زخمی شیروں کے زخموں پر آخری گیند پر چھکا لگا کر خوب نمک پاشی بھی کی۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکن شہر گال کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں زمبابوے کی ٹیم نے 317 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر چھکا لگا کر 14 گیندیں پہلے ہی با آسانی حاصل کرلیا۔ میچ کی آخری گیند پر سکندر رضا نے امیلہ اپونسو کو شاندار چھکا جڑ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔زمبابوے کی جانب سے سولومن مائیر نے 96 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے شاندار سنچری سکور کی اور 112 رنز بنائے جبکہ سین ولیمز 65 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ زمبابوے کے سکندر رضا 67 اور میلکم والر 40 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔سری لنکا کی جانب سے کوئی بھی بالر خاطر خواہ کار کردگی نہ دکھا سکا ۔اور جو بھی آیا اسی کو خوب پھینٹا لگا۔ سری لنکا کے داس گنا رتنے 2 وکٹس لے کر سب سے کامیاب بولر ٹھہرے جبکہ ملنگا اور اکیلا ڈانجانیا نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیاقبل ازیں گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو 16 کے مجموعی سکور پر ہی نیروشن ڈیکویلا 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ابتدائی نقصان کے بعد کوشل مینڈس اور گوناتھیلاکا نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 117 رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن کو قدرے مستحکم کر دیا تاہم اس موقع پر گوناتھیلاکا بھی 60 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے۔ کوشل مینڈس کی عمدہ اننگز کا آغاز جاری رہا جنہوں نے 1 چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 86 رنز بنائے جبکہ اوپل تھرنگا نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 73 گیندوں پر 79 رنز جوڑے جن میں 1 چھکا اور 8 چوکے بھی شامل ہیں۔ دیگر بلے بازوں میں اینجلو میتھیوز 43، اسیلا گونارتنے 28 اور لاہیرو مدوشانکا 1 سکور بنانے میں کامیاب ہو سکے۔ زمبابوے کی جانب سے ٹینڈائی چیتارا سب سے کامیاب با?لر رہے جنہوں نے 9 اوورز میں 49 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ سین ولیمز، گریم کریمر اور سلمان مائیر ایک، ایک وکٹ حاصل کر سکے۔