کراچی (خصوصی رپورٹ) سندھ میں نیب کو غیر مو¿ثر کرنے کیلئے پیپلزپارٹی کی جانب سے سندھ منسوخی ایکٹ 2017ءترمیمی بل آج منظوری کے لئے سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ پیپلزپارٹی کی قیادت نے صوبے میں بدعنوانی سے متعلق مقدمات اور شکایات سے نمٹنے کیلئے سندھ احتساب کمیشن قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اپوزیشن نے سندھ حکومت کے اقدام کے خلاف آج اسمبلی میں ”گو زرداری گو‘ گو کرپشن گو“ احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کی قیادت اور سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد سندھ میں احتساب ایکٹ 1999ءکو منسوخ کرنے کا ترمیمی بل آج سندھ اسمبلی میں منظوری کے لئے پیش ہوگا۔ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت اپنی کرپشن اور غلط کاموں کو چھپانے اور ان سے بچنے کیلئے من پسند قانون سازی کرنے جارہی ہے۔ پی ٹی آئی کے علی زیدی کا کہنا ہے کہ صوبائی اسمبلی میں ایسی قانون سازی نہیں کی جاسکتی جو وفاق یا آئین سے متصادم ہو اور مسلم لیگ فنکشنل کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر نندرکمار کا کہنا ہے کہ سندھ میں نیب کو غیر مو¿ثر کرنے کے لئے پیپلزپارٹی کی کارروائی چوروں کو کھلی چھوٹ دینے کے مترادف ہے۔ سندھ حکومت کی یہ حرکت سندھ کو کرپشن کا پہلے سے بھی بڑا گڑھ بنا دے گی۔اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)تحریک انصاف نے نیب آرڈیننس منسوخی کے سندھ حکومت کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا ہے۔ پارٹی رہنما علی زیدی نے کہا کہ سندھ حکومت کابینہ کی جانب سے نیب آرڈیننس کی منسوخی پیپلزپارٹی کے اندر حکمرانی اور ترجیحات ظاہر کرتی ہے ، کوئی ابہام باقی نہیںکہ پیپلزپارٹی آئین اور قانون کو پامال کرکے سندھ حکومت چلانا چاہتی ہے، یہ اچانک سے سندھ حکومت پر کیسے انکشاف ہوا کہ 1999ءکا نیب آرڈیننس تو صوبائی سطح پر لاگوہی نہیں ہوتا؟ قانونی تقاضوں کو پورا کئے بغیر آرڈیننس کی منسوخی سندھ حکومت کی بدنیتی ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت نیا قانون پیش کرے یا موجودہ قانون میں مناسب ترمیم پیش لائے۔علی زیدی نے کہا سندھ حکومت کے ذریعے چیئرمین اور ڈائریکٹرز کی تعیناتی پیپلزپارٹی کے ارادے ظاہرکرتی ہے، لگتا ہے پیپلزپارٹی اینٹی کرپشن سیل کو مکمل خودمختاری سونپنے کو تیار نہیں، ماضی میں بھی اینٹی کرپشن سیل پبلک فنڈز کے ناجائز استعمال کے حوالے سے مشکوک رہا، سندھ حکومت کا یہ اقدام سندھ کو کرپشن کا پہلے سے بھی بڑاگڑھ بنادے گا۔ سندھ حکومت کا یہ اقدام آصف علی زرداری کو قومی دولت لوٹنے کے مزید مواقع فراہم کرے گا۔ سندھ کے عوام کو کرپشن کے انسداد کے لئے اس سنگین معاملے پر آواز بلند کرنا ہوگی۔
