ڈاکٹر نوشین عمران
کیلوریز یا حرارے کا نام کھانے، ڈائٹ پلان اور موٹاپے کے ساتھ لازمی لیا جاتا ہے۔ کیلوریز کیا ہیں جس طرح لمبائی ناپنے کیلئے میٹر یا کلومیٹر، وزن ناپنے کیلئے گرام یا کلوگرام اور اسی طرح کسی بھی چیز کی پیمائش کیلئے ایک الگ یونٹ استعمال کیا جاتا ہے، اسی طرح جسم کے اندر توانائی کو ناپنے کیلئے کیلوریز کا یونٹ استعمال کیا جاتا ہے۔ کھانے کی ہر چیز میں کچھ نہ کچھ کیلوریز ہوتی ہیں جن سے اندازہ لگایا جاتا ہے کہ جس میں داخل ہونے کے بعد یہ خوراک کتنی کیلوریز مہیا کرے گی۔ کیلوریز خوراک میں موجود توانائی ہے جسم میں خلیوں کو جو توانائی درکار ہے وہ خوراک کی کیلوریز سے ہی ملتی ہے۔ ایک گرام کیلوریز اتنی توانائی فراہم کرتے ہیں جس سے ایک گرام وزن پانی کا درجہ حرارت ایک ڈگری بڑھ جائے جبکہ ایک کلو کیلوریز سے ایک کلو وزن پانی کا درجہ حرارت ایک ڈگری بڑھ جائے۔ یہ کیلوریز کی درجہ بندی کا اصول ہے۔ مختلف طرح کی خوراک کی کیلوریز بھی ایک دوسرے سے مختلف ہوتی ہیں۔ ایک گرام چکنائی میں نو کیلوریز جبکہ ایک گرام کاربو ہائیڈریٹ یا پروٹین میں تقریباً چار کیلوریز پائی جاتی ہیں یعنی ایک گرام چکنائی ایک گرام پروٹین یا کارب کے مقابلے میں دگنی توانائی فراہم کرتی ہے۔
جسم جتنا زیادہ کام یا جسمانی مشقت کرتا ہے اسے تانی ہی زیادہ توانائی درکار ہے یعنی زیادہ کیلوریز کی ضرورت ہے۔ درمیانے درجے کا کام کرنے والے انسان کو نبستاً کم کیلوریز چاہیے خوراک جسم میں جانے کے بعد میٹا بولزم کے عمل سے گزر کر توانائی فراہم کرتی ہے۔ جسم کو جتنی توانائی چاہیے وہ کیلوریز کی شکل استعمال ہو جاتی ہے۔ اگر ضرورت سے زیادہ کیلوریز جسم میں داخل ہوں یا فالتو بچ جائیں تو رفتہ رفتہ جسم میں جمع ہونے لگتی ہیں اور وزن بڑھا دیتی ہیں۔ درمیانے درجے تک کام کرنے والے مرد کو روزانہ 2 ہزار سے ڈھائی ہزار تک اور عورت کو 18 سو سے 2 ہزار تک کیلوریز درکار ہوتی ہیں۔ البتہ اگر وزن زیادہ ہو تو کم کرنے کیلئے پہلا اصول خوراک سے لی جانے والی کیلوریز کم کرنا اور جسم میں جمع شدہ کیلوریز کو ورزش کے ذریعے استعمال کرنا ہے۔ دوسرا طریقہ روزانہ لی جانے والی کیلوریز میں چکنائی اور فیٹ کو کم کرنے کے ساتھ کاربوہائیڈریٹ کو بھی کم کرنا ہے کیونکہ کارب کی اضافی کیلوریز جسم کے اندر چربی میں جمع ہو جاتی ہیں۔ یاد رہے آفس میں یا بیٹھ کر کام کرنے والوں کو روزانہ کی مطلوبہ کیلوریز سے بھی کم ضرورت ہے ورنہ وزن بڑھنا لازمی ہے۔ کیلوریز کم کرتے وقت پروٹین کی مقدار کم نہ کریں تازی سبزی، پھل لیں تاکہ کم کیلوریز اور زیادہ وٹامن مل سکیں۔
٭٭٭