لندن (آئی این پی) برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں لوگوں کے چہروں پر تیزاب پھینکے کے 5 مختلف واقعات کے بعد برطانوی پولیس نے ایک نوعمر لڑکے کو گرفتار کرلیا۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق شمال مشرقی لندن کے علاقوں ہیکنی، اسٹوک نیونگٹن اور ازلنگٹن میں 90 منٹ کے اندر 5 مختلف لوگوں پر تیزاب پھینک دیا گیا۔متاثرین کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک شخص کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق مذکورہ نوعمر لڑکے کو مشرقی لندن کی پولیس نے گرفتار کیا۔دوسری جانب حکام نے حملہ آوروں کے حوالے سے کسی بھی قسم کی معلومات شیئر کرنے کی اپیل بھی کردی۔رپورٹس کے مطابق ایک موٹرسائیکل پر سوار 2 افراد نے موپڈ (moped) نامی سواری پر بیٹھے ایک 32 سالہ شخص پر تیزاب پھینکا اور پھر اس کی سواری لے کر فرار ہوگئے، جبکہ باقی افراد کے ساتھ بھی ایسا ہی کیا گیا۔ایک طرف جہاں کچھ لوگوں نے ان واقعات کو موپڈ سواری چوری کرنے کی واردات قرار دیا، وہیں کچھ لوگوں نے خیال ظاہر کیا کہ کوئی سواری چوری کرنے کے لیے لوگوں پر تیزاب کیوں پھینکے گا؟پولیس کے مطابق تیزاب پھینکنے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے ایک شخص کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔