لاہور(ویب ڈیسک)نامعلوم افراد لاہور میں بھی سرگرم ہوگئے۔شریف برادران کی حمایت میں لگے بینرز کے ساتھ کچھ بینرز ایسے بھی لگا دیے گئے جن میں ناکام بغاوت پر ترکی کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔لاہور کی مال روڈ پر ایک بار پھر بینرز لگ گئے جن پر بغاوت ناکام ،عوام جمہوریت کے ساتھ ہیں ،شریف برادران کو ترقیاتی منصوبوں پر خراج تحسین جیسے الفاظ درج ہیں۔ایک طرف ن لیگ کے حمایتیوں کی جانب سے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے کارنامے گنواتے بینرزنظرآرہے ہیں توساتھ ترکی کی ناکام بغاوت اور جمہوریت کے حق میں بھی فلیکسز لگائے گئے ہیں۔بینرزکس نے اورکس کے کہنے پر لگائے، یہ کسی کو معلوم نہیں لیکن ضلعی انتظامیہ نے بغیر اجازت لگائے گئے بینرز فوری طور پر اتروا دیے ۔ٹی ایم او داتا گنج بخش ٹان شہزاد اقبال کے مطابق بغیر اجازت کسی قسم کے بینرز لگانا منع ہے اورشہرمیں جہاں کہیں بھی ایسے بینرز لگائے جائیں گے انہیں اتار دیا جائے گا۔بینرز بظاہر دوست ملک کی جمہوری حکومت سے اظہار یکجہتی کے لیے لگائے گئے ہیں لیکن بعض حلقوں کی جانب سے انہیں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سے بھی جوڑا جارہا ہے۔
