اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور پنجاب کے صدر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ وقت آچکا ہے کہ تمام حقیقی مسلم لیگی متحد ہوجائیں‘ اتحاد سے متعلق آئندہ چند دنوں میںاہم فیصلے کریں گے‘ نواز شریف کے جانے سے جمہوریت زیادہ بہتر طریقے سے چلے گی‘ جمہوریت کوئی پارٹی نہیں جیسے نواز شریف نے رجسٹرڈ کرایا ہو‘ اگر نظام کو کچھ ہوا تو ذمہ دار نواز شریف اور اس کے چند ساتھی ہوں گے‘ (ن) لیگ جب پکڑی جاتی ہے جمہوریت کی آڑ میں چھپ جاتی ہے‘ (ن) لیگ نے دس دس سال میں ڈرامے بازی کے علاوہ پنجاب میں کیا گیا؟ حکومت نے غریب عوام کی بھلائی کے لئے کوئی کام نہیں کیا ‘ (ن) لیگ میں جانے والے واپس آجائیں ہمارے دروازے کھلے ہیں‘ کلبھوشن کے معاملے پر نواز شریف کچھ نہیں بولے۔ اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ تمام حقیقی مسلم لیگی متحد ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مسلم لیگ سے متعلق آئندہ چند دنوں میں اہم فیصلے کریں گے۔ اس سلسلے میں بلوچستان ‘ سندھ اور فاٹا کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے پانامہ کیس کا فیصلہ ملک و قوم کے مفاد میں آئے گا۔ اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ (ن) لیگ جب پکڑی جاتی ہے جمہوریت کی آڑ میں چھپ جاتی ہے اداروں پر کیچڑ اچھالا جارہا ہے پانامہ کیس سے متعلق (ن) لیگی قیادت کی بدنیتی ثابت ہوگئی ہے۔
