نئی دہلی (آن لائن) سکم بارڈر پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر چینی ذرائع ابلاغ نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ چین بھارت کے ساتھ جنگ سے خوفزدہ نہیں اور طویل المدتی محاذ آرائی کے لئے مکمل طور پر تیار ہے ۔ چین کے سر کا ری اخبار چائنہ گلوبل ٹائمز میں شائع ہونے والے آرٹیکل میں بھارت کو خبردار کیا گیا ہے کہ سکم کے متنازعہ علاقے میں جاری کشیدگی صرف وہاں تک محدود نہیں رہے گی یہ کشیدگی کمیونسٹ ریاست کے ساتھ پوری سرحد پر پھیل سکتی ہے جو 3488 کلو میٹر پر محیط ہے ۔ آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ چین کی جانب سے تبت کے علاقے میں لائیو فائر مشقیں بھی کی گئی ہیں جبکہ ان مشقوں کے دوران بھارتی فوجی چیک پوسٹوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ۔آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ چین بھارت کے ساتھ جنگ سے قطعی خوفزدہ نہیں اور وہ طویل المدتی محاذ آرائی کے لئے تیار ہے تاہم بھارت کی ناعاقبت اندیشی پوری سرحد پر نئے تنازعے کو جنم دے سکتی ہے ۔ واضح رہے کہ چین اس سے قبل بھارت پر یہ واضح کر چکا ہے کہ سکم کے تنازعے پر مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں اس کا واحد حل ڈونگ لانگ کے علاقے سے بھارتی فوج کا انخلاءہے ۔ آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ چین کے لئے بارڈر لائن بوٹم لائن ہے اگر بھارت اس علاقے سے فوجی انخلاءنہیں کرتا تو اسے سخت شرمندگی کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سکم کے سرحدی علاقے میں سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے اور دونوں ممالک کے افواج کے درمیان جھڑپیں بھی جاری ہیں ۔