اسلام آباد(آن لائن)پاکستان نے کنٹرول لائن سیزفائرمعاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر لیا، جے پی سنگھ کو پاکستان دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی ساوتھ ایشیا ڈاکٹر فیصل نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کے حوالے کرتے ہوئے کہا ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے بھارت جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے ۔ڈی جی ساتھ ایشیا کا کہنا تھا گزشتہ روز کنٹرول لائن کے رہائشی علاقوں میں بھارت نے بلااشتعال فائرنگ کی جس سے 2 شہری شہید اور 6 زخمی ہوئے تھے۔ بھارت ایل او سی سیز فائر معاہدے کی پابندی کرے بھارتی افواج کی جنگ بندی معاہدے کی بار بار خلاف ورزی اور شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے لہذا بھارت فوری طور پر سرحدی معاہدے کی خلاف ورزی سے باز آجائے ۔
