لاہور(شوبز ڈیسک)سجل علی اور عمران عباس دونوں ہی کا شمار پاکستان کے دلکش اور بہترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے اور اب یہ دونوں بہت جلد اسکرین پر ایک ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔یہ اداکارسرمد کھوسٹ کی ہدایات میں بننے والے ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے جارہے ہیں، جس کا نام ‘نور العین’ ہوگا۔اس ڈرامے کی تفصیلات کے حوالے سے عمران عباس سے بات کی۔اس حوالے سے عمران عباس کا کہنا تھا کہ ‘یہ ایک خوبصورت رومانوی کہانی پر مبنی ڈرامہ ہے، جو دونوں کرداروں کے رشتے کو پیش کرے گا’۔انہوں نے مزید بتایا کہ ‘میں اس ڈرامے میں کام کرنے کے لیے بے تاب ہوں، کیوں کہ عام طور پر میں سال میں صرف ایک یا دو ڈراموں میں کام کرتا ہوں۔ اور یہ اس سال کا میرا دوسرا ڈرامہ ہوگا، دیکھا جائے تو یہ میرا تیسرا ڈرامہ بھی مانا جاسکتا ہے، کیوں کہ اس سال میرے تین ڈرامے پیش کیے جائیں گے، لیکن میرے دوسرے ڈرامے کی شوٹنگ گزشتہ سال ہوئی تھی’۔اداکار کے مطابق ‘میں نے اس پروجیکٹ کی حامی بھرنے سے قبل کئی اسکرپٹس کے لیے انکار کیا، جن میں سے ایک قندیل بلوچ کی زندگی پر مبنی ڈرامہ ‘باغی’ بھی تھا، کیوں کہ میں کسی ایسے ڈرامے میں کام کرنا چاہتا تھا جو مداحوں کو متاثر کرے۔