اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ جاری کردہ نئی دستاویزات میں نیا کچھ نہیں،پکوڑے بیچنے والے حقیقی کاغذات اب سامنے آئے ہیں۔ جمعرات کو شریف خاندان کے جاری کردہ دستاویز پر تحریک انصاف کی جانب سے اپنے ردعمل میں ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ وکیل صاحب ردی کے یہ کاغذات عدالت میں پیش کرچکے اور ہزیمت بھی اٹھا چکے ہیں۔احتساب کا سورج طلوع ہونے والا ہے ۔ گا ڈ فادر ون اور ٹو کیلئے فرار ممکن نہیں۔بابر اعوان کے مطابق دبئی کی وزارت انصاف بھی ان کاغذات سے مکمل دستبرداری اور بریت کا اظہار کرچکی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ منی ٹریل نہیں وقت ضائع کرنے کا کھیل ہے۔ ان کاغذی تراشوں کی کسی فرد کے ذاتی نوٹ پیڈ سے زیادہ کوئی حیثیت نہیں۔ پاکستان میں بھی سب جانتے ہیں کہ نوٹری پبلک کی کوئی سرکاری حیثیت نہیں۔