اسلام آباد (ویب ڈیسک) جسٹس اعجاز افضل خان نے کہا ہے کہ نا اہلی کیلئے مریم نواز کا نیلسن اور نیسکول کمپنی کی بینی فیشل ہونا کافی نہیں ہے بلکہ معاملہ کفالت کا آئے گا۔پی ٹی آئی کے وکیل نعیم بخاری نے پاناما عملدر آمد بینچ کے روبرو دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ ڈیڈ جعلی ثابت ہو گئی ہے قطری خط نکال دیں تو نواز شریف فلیٹس کے مالک ہیں اور مریم اپنے والد کی فرنٹ وومین ہیں۔ جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ نااہلی کیلئے مریم نوازکا بینی فیشل مالک ہونا کافی نہیں اگر وہ بینی فیشل ثابت ہو بھی جائیں تو معاملہ کفالت کا آئے گا لیکن ابھی تک کوئی دستاویز نہیں آئی کہ مریم اپنے والدکے زیر کفالت ہیں۔ نعیم بخاری نے اپنے دلائل مکمل کرتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار اور شریف خاندان نے اثاثے بڑھانے کا ایک ہی طریقہ اپنایا، پہلے پیسہ ملک سے باہر گیا اور پھر ملک میں واپس آیا ، سپریم کورٹ پر پورا یقین ہے وزیر اعظم اور اسحاق ڈار کو نااہل قرار دیا جائے۔