لاہور (کرائم رپورٹر) سمن آباد کے علاقہ میں شادی کی تقریب کے دوران ڈھول بند کروانے پر تلخ کلامی‘ محلے دار کے تشدد سے دولہے کا والد جاں بحق‘ شادی والا گھر ماتم کدہ بن گیا جبکہ مصری شاہ میں لڑائی جھگڑے کے دوران ایک شخص ہلاک۔ بھاٹی گیٹ سے نوجوان کی نعش برآمد‘ پولیس نے نعش مردہ خانہ جمع کروا کر 2افراد کو گرفتار کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ سمن آباد کے علاقہ اندرون نواں کوٹ کے رہائشی اسحاق کے بیٹے کی شادی کے سلسلہ میں ڈھول کی تھاپ پر دولہے کے دوست اور رشتہ دار بھنگڑا ڈال رہے تھے کہ اس دوران محلے دار صغیر نے آ کر شور شرابہ بند کرنے کو کہا تو تلخ کلامی ہو گئی جس پر نوبت ہاتھاپائی تک جا پہنچی۔ اس دوران دولہے کا والد اسحاق سینے پر مکا لگنے سے بے ہوش ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گیا۔ پولیس نے ملزم صغیر کو گرفتار کر کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا جبکہ مصری شاہ کے علاقہ سلطانپورہ احاطہ ملک بسو کے رہائشی ولایت اور محلے دار اکرم وغیرہ کے ساتھ کسی بات پر تلخ کلامی ہو گئی۔ جھگڑے کے دوران دھکا لگنے سے ولایت زمین پر گر گیا جسے حالت غیر ہونے پر ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں وہ رات گئے موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔ علاوہ ازیں بھاٹی گیٹ سے نامعلوم نوجوان کی نعش ملی ہے۔ پولیس کے مطابق متوفی حلیہ سے نشئی معلوم ہوتا ہے تاہم اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔
