ٹرینیڈاڈ(آئی این پی)کیریبیئن پریمیئر لیگ میں ٹرنباگو نائیٹ رائیڈر ز کے پاکستانی لیگ سپنر شاداب خان کے شاندار بالنگ سپیل نے ان کی ٹیم کو ایک اور کامیابی دلا دی ۔کوئنز پارک اوول ،پورٹ آف سپین ، ٹرینیڈاڈمیں کھیلے گئے اس میچ میں ٹرینیباگو نائٹ رائیڈرز نے گیانا ایمزون واریئرز کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ لیگ کے نویں میچ میں گیانا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔ گیانا ایمزون واریئرز کے اوپنرز اپنی ٹیم کو 3اوور ز میں 40رنز کا آغاز فراہم کرچکے تھے جب شاداب خان پہلی بار بالنگ کے لیے آئے ،انہوں نے اپنے سپیل کی پہلی ہی گیند پر خطرناک نظر آنے والے مارٹن گپٹل کو پوویلین بھیجا۔شاداب خان نے شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کیا اور 28 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ٹرینیباگو نے ہدف کولن منرو کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت 19 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ منرو نے پانچ چھکوں کی مدد سے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ دنیش رامدین 42 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ منرو کو مرد میدان قرار دیا گیا۔کیربیئن پریمیئر لیگ میں (آج) اتوار کو واحد میچ سینٹ لوشیا سٹارز اور گیانا ایمزون واریئرز کے درمیان گراس آئیلٹ میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں نے تین تین میچ کھیل کر ابھی تک کوئی کامیابی حاصل نہیں کی۔ ڈیرن سیمی سینٹ لوشیا جبکہ مارٹن گپٹل گیانا کی قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔