لاہور(آئی این پی)ان فٹ کرکٹر عمر اکمل نے تسلیم کرلیا ہے کہ فٹنس سے متعلق پی سی بی کے معیار پر پورا نہیں اتر سکا۔ فٹنس پر کام کر رہا ہوں جلد کم بیک کروں گا۔لاہورچائلڈ پروٹیکشن بیورو میں جشن آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی اور فٹنس مسائل کا شکار مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فٹنس سے متعلق پی سی بی کے معیار پر پورا نہیں اترسکا جس پر کام کر رہا ہوں۔عمر اکمل نے کہا کہ وہ بورڈ کے بنائے ہوئے قوانین کا احترام کرتے ہیں اور برطانیہ میں علاج کے بعد فٹنس میں بہتری آئی ہے جلد کم بیک کریں گے۔جشن آزادی کے موقع پر عمر اکمل نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں ننھے بچوں کے ساتھ کیک کاٹا اور تحائف بھی تقسیم کیے۔