کیپ ٹاﺅن (اے پی پی) پاکستانی کرکٹرز شاہد خان آفریدی، مصباح الحق، فخر زمان اور عبدالرزاق جنوبی افریقہ ٹی ٹونٹی گلوبل لیگ کیلئے پلیئرز ڈرافٹ میں شامل ہو گئے۔ گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ کیلئے افتتاحی ڈرافٹنگ رواں ہفتے ہو رہی ہے جس میں 90 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔ کرکٹ ساﺅتھ افریقہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق افتتاحی گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ کے سلسلے میں 90 غیر ملکی کھلاڑیوں کو ڈرافٹنگ کیلئے شامل کیا گیا ہے، پاکستانی کرکٹرز شاہد آفریدی، مصباح الحق، فخر زمان اور عبدالرزاق بھی ڈرافٹنگ کا حصہ ہوں گے، دیگر انٹرنیشنل کھلاڑیوں میں کرس گیل، برینڈن میک کولم، جیسن روئے، کیون پیٹرسن، این مورگن، ڈیوائن براوو، کیرن پولارڈ، لاستھ مالنگا، شیونارائن چندرپال شامل ہیں، مختلف انگلش کاﺅنٹی کلبوں سے کولپاک معاہدے کرنے والے دس پروٹیز کھلاڑی کولن انگرام، رچرڈ لیوی، ڈیوڈ ویسی اور مرچنٹ ڈی لانگ کو بھی ڈرافٹنگ کیلئے شامل کیا گیا ہے، ایسوسی ایٹ کھلاڑی ریان ٹین ڈزکاٹے، کیون اوبرائن، دولت زدران اور کائل کوئٹزر بھی اس ڈرافٹنگ کا حصہ ہوں گے۔