راولپنڈی(آئی این پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پا ک فوج دنیا کی سب سے زیادہ جنگیں لڑنے والی فوج ہے اور پاک فوج کے افسروں اور جوانوں نے ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے۔منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایبٹ آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بلوچ رجمنٹل سینٹر ایبٹ آباد میں پانچویں آرمی چیف ینگ سولجرز انٹرسینٹرل پیسز چیمپئن شپ کا معائنہ کیا ۔ آرمی چیف نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔ چیمپئن شپ میں 23رجمنٹلسینٹرز کے کل 532کھلاڑیوں نے شرکت کی ۔انجینئر سینٹر ٹیم چیمپئن شپ کی فاتح قرار پائی جبکہ بلوچ سینٹر دوسرے نمبر پر رہا ۔ سپاہی ثنات اللہ چیمپئن شپ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جنہوں نے 2798نمبر حاصل کئے جبکہ سپاہی محمد عدیل نے مجموعی طور پر2785نمبر لیکر دوسری پوزیشن حاصل کی ۔انفرادی میچز میں سپاہی محمد رضوان عباس نے 3.2کلومیٹر کا فاصلہ 10.7منٹ میں طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ سپاہی محمد یعقوب نے پل اپس میچ میں 102پل اپس لگا کر پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ سپاہی ماجد علی نے سٹ اپ میچ میں 1133 سٹ اپ لگا کر پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ سپاہی محمد عدیل نے 1457پش اپس لگا کر پہلی پوزیشن حاصل کی اور ریکروٹ محمد اسیس اقبال نے 49.22سیکنڈز میں کومبیٹ ایفی شینسی ٹیسٹ مکمل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی اور 50.07سیکنڈز کا سابقہ انٹرنیشنل چینی ریکارڈ توڑ دیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جسمانی فٹنس کے اعلیٰ معیار اورپیشہ ورانہ مہارت پر چیمئن شپ میں حصہ لینے والے شرکاءاور ٹرینرز کی تعریف کی ۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی سب سے زیادہ جنگیں لڑنے والی فوج ہے اور پاک فوج کے افسروں اور جوانوں نے ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قومی تعمیر نو، قدرتی آفات اور آپریشنز میں انجینئرز کور کا کردار قابل فخر ہے، پاکستان آرمی کی انجینئرز کور نے مادر وطن کے دفاع اور ترقی کےلئے بے پناہ خدمات سرانجام دی ہیں ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے انجینئرز سینٹر رسالپور کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل جاوید محمود بخاری کو انجینئرنگ کور کے کرنل کمانڈنگ کے بیجز لگائے ۔لیفٹیننٹ جنرل جاوید محمود بخاری کو پی ایم اے کورس کے دوران بہترین کیڈٹ قرار پانے پراعزازی تلوار سے نوازا گیا ۔جنرل جاوید محمود بخاری بریگیڈ کمانڈر اور جی او سوات کے طور پر بھی ذمہ داریاں ادا کر چکے ہیں ۔ تقریب میں بڑی تعداد میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قومی تعمیر نو، قدرتی آفات اور آپریشنز میں انجینئرز کورز کا کردار قابل فخر ہے ۔ پاکستان آرمی کی انجینئرز کور نے مادر وطن کے دفاع اور ترقی کےلئے بے پناہ خدمات سرانجام دی ہیں ۔
