لاہور (ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر راجگال میں پاک فوج کی چیک پوسٹ پر افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے افسر لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی شہادت پر اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”بائیس سالہ لیفٹیننٹ ارسلان شہید نے پاکستان کے تحفظ کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے ہمیں زندگی کے مقصد کا سبق سکھایا ہے۔اِس نوجوان کی شہادت پر اظہار فخر کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں اور نہ ہی ایسے الفاظ ہیں جس سے میں اپنی دل کا غم بیان کرسکوں کیونکہ جب جواں سالہ مکمل پھلنے پھولنے سے پہلے نظروں سے اوجھل ہوجائے تو اِس کا مطلب ہے کہ کہیں ہماری دنیا میں کچھ تو ایسا ہے جو غلط ہے۔“واضح رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرایجنسی میں راجگال کے علاقے میں قائم چیک پوسٹ پر افغانستان سے دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید ہوگئے۔تین بہنوں کے اکلوتے بھائی شہید آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی عمر 22 سال تھی جب کہ راجگال میں جس پوسٹ پر فائرنگ کی گئی اسے حال ہی میں قائم کیا گیا تھا۔
