لاہور ،کراچی(خصوصی رپورٹ)لاہور ہائیکورٹ کے مسٹرجسٹس سیدمظاہرعلی اکبرنقوی نے حافظ سعید کی نظر بندی کے خلاف کیس کی سماعت سے انکار کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوادی تاکہ اسے کسی دوسرے بینچ کے روبرو لگایا جاسکے۔ گزشتہ روز درخواست پر سماعت شروع ہوئی اور اٹارنی جنرل پاکستان عدالت میں پیش ہوئے۔ فاضل جج نے کیس سننے سے انکار کردیا اور ریمارکس دئیے کہ پنجاب حکومت نہیں چاہتی کہ عدالتیں آزادی سے کام کریں، یہ امر بہت افسوسناک ہے کہ جوڈیشل امور میں مداخلت کی گئی ہے۔ جبکہ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس کے کے آغا نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ سندھ حکومت عدالتوں کے ساتھ گیم کھیلنا بند کردے، عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عدالتوں سے گیم کے اثرات کا آپ کو اندازہ نہیں، انکوائری نیب کا کام ہے اسے کوئی نہیں روک سکتا۔ عدالت نے محکمہ آبپاشی میں 7ارب روپے کی کرپشن سے متعلق انکوائری میں سیکرٹری آبپاشی کو 7 دسمبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ دو رکنی بینچ کے روبرو محکمہ آبپاشی میں 7ارب روپے سے زائد کرپشن اور گھپلے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔