اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں بدترین دھند اور سموگ کے باعث بجلی پیداوار کرنے والے 13 پلانٹ بند کر دیئے گئے ہیں جس میں چشمہ کے چار نیو کلیئر پاور پلانٹ بھی شامل ہیں۔ وزارت توانائی کے پاور ڈویژن کے ایک اعلامیہ کے مطابق سموگ نیشنل ٹرانسمشن سسٹم کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے۔ تاہم ہر وقت اقدامات کے ذریعے ملک کے مختلف شہروں کو بلیک آﺅٹ سے بچا لیا گیا ہے۔ اس کے باوجود ملک کے مختلف حصوں میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے جس نے شہریوں کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے۔ بجلی کی بار بار ٹرپنگ کے علاوہ بعض علاقوں میں آٹھ سے دس گھنٹے اور کچھ علاقوں میں ہر آدھہ گھنٹے کے بعد بجلی بند ہو رہی ہے۔ اس وقت طلب کے مطابق بجلی کی فراہمی انتہائی کم ہو چکی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاور ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی نے 500 اور 200کے وی گرڈ اسٹیشنز کو ٹرپنگ سے بچایا۔ پاور ڈو یژ ن کا کہنا ہے کہ نیوکلیئر پاور پلانٹس میں چشمہ ون، ٹو، تھری اور فور شامل ہیں۔ چاروں نیوکلیئر پاورپلانٹ بھی بند ہیں۔ ان پاور پلانٹس کی 72 گھنٹوں میں بحالی متوقع ہے۔ اعلامیے میں بتایا گیاہے کہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر مہنگے تیل پربجلی بنانے والے 4250 میگاواٹ کے 4 پاورپلانٹس بند کر دیئے گئے ہیں۔ بند کیے جانے والے پاور پلانٹس میں 950 میگاواٹ کا حبکو پاور پلانٹ، ایک ہزار میگاواٹ کا مظفر گڑھ پاور پلانٹ،400 میگاواٹ کا جامشورو اور700 میگاواٹ کا گیپکو پاورپلانٹس شامل ہیں۔ وفاقی حکومت کی ہدایت پر1200 میگاواٹ کے نشاط پاور اور نشاط چونیاں پاور پلانٹس، لبرٹی، حبکو نارووال اور اٹلس پاورپلانٹس بھی بند کردیئے گئے ہیں۔ اس وقت پن بجلی کی پیداوار7 ہزار کی صلاحیت کے مقابلے میں 2700 میگاواٹ ہے۔ تاہم صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔صوبائی دارالحکومت میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوگی، لیسکو نے شیڈول جاری کردیا، نجی ٹی وی کے مطابق لیسکو نے لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کردیا ہے، جس کے مطابق لاہور میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹہ کیلئے بجلی بند رہے گی، مجموعی طور پر12 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول دیا گیا ہے، لیسکو کا کوٹہ2200 میگاواٹ سے کم کرکے1100 میگاواٹ کردیا گیا ہے، تمام گھریلو، صنعتی کمرشل فیڈر12.12 گھنٹے بند رہیں گے، ملک بھر میں بجلی کا بڑا بحران جاری ہوا، درجن سے زائد پاور ہاو¿سز بند ہوچکے ہیں، بجلی کا شارٹ فال7 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے۔