لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )لاہور سمیت پنجاب بھر،سندھ اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقے جمعہ کو بھی دھند اور اسموگ کی لپیٹ میں رہے، پنجاب کے بڑے شہروں میں پروازیں اڑان نہ بھر سکیں۔ موٹر وے سمیت اہم شاہراہوں پر حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی، مسافروں کو مشکلات پیش آئیں۔ ٹرینیں بھی کئی کئی گھنٹے لیٹ رہیں۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقے دھند کی لپیٹ میں رہے۔ لاہور میں صبح کے وقت دھند نے ہر چیز کو دھندلا دیا، کئی مقامات پر حد نگاہ صفر رہی جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی، دھند کے باعث علامہ اقبال ائرپورٹ پر فلائٹ آپریشن رات بھر بند رہا جبکہ دیگر بڑوں شہروں میں بھی پروازیں اڑان نہ بھر سکیں۔ دھند کے باعث ٹرینیں بھی کئی کئی گھنٹے لیٹ ہیں۔ موٹر وے پر بھی ٹریفک کے مسائل ہیں، حد نگاہ کم ہونے سے مختلف سیکشز بند کر دیئے گئے۔ نیشنل ہائی وے پر بھی ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا۔ ایم ٹو لاہور بھاری ٹریفک جبکہ ایم تھری پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ۔موٹروے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم فور دھند اور اسموگ کے وجہ سے فیصل آباد سے گوجرہ تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔ اس کے علاوہ حافظ آبادشہر اور گردونواح میں شدید اسموگ کا راج رہا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی۔کمالیہ شہراور گردونواح میں اسموگ اور دھند کے علاوہ سردی بھی بڑھ گئی ہے۔ جہانیاں شہر اور گردونواح میں صبح کے اوقات میں شدید دھند ریکارڈ کی گئی اس کے علاوہ گوجرہ موٹروے پر دھند اور اسموگ کے باعث حدنگاہ صفر سے10میٹر تک رہ گئی۔اس موقع پر ٹریفک پولیس نے ہدایات جاری کی ہیں کہ دھند سے متاثرہ علاقوں میں ڈرائیور حضرات دوران ڈرائیونگ فوگ لائٹس استعمال کریں۔سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی دھند کے ڈیرے رہے جس سے لوگ پریشانی کا شکار رہے۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت اور سموگ میں کمی کا امکان ہے تاہم دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات نے دھند سے ستائے ہوئے شہریوں کے لیے بارش کی خوشخبری سنادی ہے، آئندہ تین، چار روز میں پنجاب سمیت ملک بھر میں بارش کے امکانات ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فطرت کے مناظر پر چھائی ہوئے زہریلی سموگ اگلے کچھ روز میں ختم ہو جائے گی اور شہری صاف فضا میں سانس لے سکیں گے۔ ماہر ماحولیات محمد ریاض(چیف میٹرولوجسٹ)نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تین سے چار روز کے بعد پنجاب سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بارش کے امکانات ہیں جس سے امید کی جا رہی ہے کہ پنجاب کے شہروں پر چھائی ہوئی زہریلی سموگ ختم ہو جائے گی لیکن دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔گزشتہ کچھ دنوں سے پنجاب میں چھائی ہوئی زہریلی سموگ نے شہریوں کا ناک میں دم کر رکھا ہے، آنکھ اور سانس کی بیماریوں سے ہسپتالوں میں رش بڑھ گیا ہے اور سڑکوں پر حادثات میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں کی خوشخبری سنائی ہے۔