روہڑی (آن لائن)صوبہ سندھ کے علاقے روہڑی میں امام بارگاہ باب کربلا کو نشانہ بنانے کے لیے آنے والے دو مبینہ خودکش بمباروں سمیت 3 دہشت گرد رینجرز کی کارروائی میں ہلاک ہوگئے۔ رینجرز ترجمان کے جاری بیان میں کہا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حساس اداروں نے اطلاع دی تھی کہ مبینہ دہشت گرد چلہم امام حسین کے موقع پر دہشت گردی کی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔رینجرز ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ معلومات کو مد نظر رکھتے ہوئے رینجرز نے روہڑی میں قائم باب کربلا امام بارگاہ کے قریب چیکنگ کا سخت انتظام کررکھا تھا۔انہوں نے بتایا کہ رینجرز نے ایک ناکے پر چیکنگ کے دوران دہشت گردوں کو روکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے فائرنگ کردی جبکہ رینجرز کی جوابی کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 مبینہ دہشت گردوں نے خودکش جیکٹ سے دھماکے کی کوشش کی۔ان کا کہنا تھا کہ رینجرز اہلکاروں کی بروقت کارروائی سے دو مبینہ خود کش بمباروں سمیت 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ بعد ازاں بم ڈسپوزل اسکورڈ کی مدد سے خودکش جیکٹس کو ناکارہ بنادیا گیا۔رینجرز ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا تاہم ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
