اسلام آباد (ویب ڈیسک ):وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے حالات کی درستگی کے لیے مستعفی ہونے کی پیشکش کر دی۔تفصیلات کے مطابق فیض آباد میں مذہبی جماعتوں کا دھرنا پندرھویں روز میں داخل ہو چکا ہے۔دھرنے کے باعث رہائشیوں کی روز مرہ زندگی برے طریقے سے متاثر ہو رہی ہے۔ایسے میں اسلام آباد ہائیکورٹ انتظامیہ کو حکم دے چکی ہے کہ دھرنا ختم کروا کر راستے صاف کروائے جائیں مگر عدالتی حکم کے باوجود انتظامیہ دھرنا ختم کروانے سے قاصر ہے اور دوسری طرف دھرنے کے منتظمین نے دھرنے کی برخاستگی وزیر قانون کے استعفے سے مشروط کر رکھی ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے حالات کی درستگی کے لیے مستعفی ہونے کی پیشکش کر دی ہے۔وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کا کہنا ہے کہ اگر میرے استعفے سے معاملہ حل ہوتا ہے تو میں جانے کے لیے تیار ہوں مگر حکومتی مذاکراتی ٹیم نے اس بات کے امکان کو مسترد کر دیا۔