لاہور‘ گوجرانوالہ‘ گجرات (نمائندگان خبریں) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے سادھو کی میں کارروائی کرتے ہوئے 7 انسانی اسمگلرز اور گجرات سے گرفتار انسانی اسمگلر سہیل شکیل کے ایک سہولت کار کو گرفتار کرلیا جبکہ غیر قانونی طورپر یورپ جانے کی کوشش کرنے والے 7افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا اور ایجنٹوں کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سانحہ تربت کے بعد ایف آئی اے کی غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے والے ایجنٹوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ۔ ایف آئی اے گوجرانوالہ سیل نے سادھوکی میں کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایک بڑے گروہ کو گرفتار کر لیا جن میں 7 انسانی اسمگلروں میں سے 4 کا تعلق بلوچستان سے ہے اور دیگر کاتعلق پنجاب اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں سے ہے۔ ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر خالد انیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 142پاکستانی پاسپورٹ، دیگر دستاویزات اور جدید الیکٹرانک مشینیں برآمد ہوئی ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان پاکستان، ایران اور عراق سے انسانی اسمگلنگ کے ذریعے شہریوں کو یورپ بھجواتے تھے جبکہ دوران تفتیش انکشاف ہوا ہے کہ گروہ کا مرکزی ملزم حسنین تربت فائرنگ واقعہ میں ملوث ایک مفرور ملزم اختر میو سے رابطے میں تھا۔دوسری جانب ایف آئی اے نے ایک اور کارروائی میں گجرات سے ایک ملزم قیصر منیر کو بھی گرفتار کیا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق قیصر منیر گزشتہ روز گرفتار ہونے والے ملزم سہیل شکیل کا سہولت کار ہے اور سہیل شکیل نے تربت میں مارے جانے والے پانچ افراد کو کوئٹہ بھجوایا تھا۔دوسری جانب ایف آئی اے لاہور نے غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش کرنے والے 7افراد کو بھی گرفتار کر لیا ہے ۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان نے ایجنٹوں کو ایک لاکھ 30ہزار روپے دینے کا انکشاف کر دیا ، ایجنٹوںمیں طیب ، ساجد ریاض اور نثار شامل ہیں جن کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق تمام افراد کا تعلق کھاریاں سے ہے جنہیںوین کے ذریعے لاہور منتقل کیا گیا اور یہاں سے انہیں کوئٹہ اور پھر غیر قانونی طور پر بارڈر پار کروایا جانا تھا تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔