لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ نواز شریف ملک میں سیاسی گرد چاہتے ہیں جس سے انہیں فائدہ پہنچ سکے لیکن ججز کو سوچنا چاہیے کہ طاقتور کے خلاف فیصلہ دےکر کب تک گالیاں سننی چاہئیں ،حکومت آئینی فورمز میں معاملات حل کر ے ، کسی آئین سے ماورا قدم کو قبول نہیں کیا جائے گا ،اگر جمہوریت کو خطرہ ہوا تو پیپلزپارٹی سب سنبھال لے گی ،عمران خان کی اصل شکل قوم کے سامنے آ آرہی ہے ، سمیع الحق سے اتحاد کر کے کونسا روشن خیال لا رہے ہیں ۔ وہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی پنجاب سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کر رہے تھے ۔ قمرز مان کائرہ نے کہا کہ جب پیپلزپارٹی بن رہی تھی اس وقت بھی جمہوری استحکام کی باتیں ہو رہی تھیں ، ہماری اپنی حکومتیں بھی مکمل جمہوریت نہیں تھی ، آج پھر ملک میں جمہوری تسلسل کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوںنے کہا کہ حکمران جماعت کے نکالے گئے وزیر اعظم سازشوں کی بات کر رہے ہیں لیکن ملک کی عدلیہ کو جتنی گالیاں (ن) لیگ نے دیں اور کسی نے نہیں دیں ، نواز شریف جمہوریت ڈی ریل کر نے والوں کے ساتھ کھڑے رہے ،اسمبلیوں کا سہارا صرف اقتدار تک پہنچنے کے لئے لیا ،1990ءسے اب تک کے سارے الیکشنوں میں نواز شریف کے لئے دھاندلی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ جج کے فیصلے کو گالی دینا سب سے بڑی توہین ہوتی ہے ،بھٹو کو پھانسی دینے کے فیصلے کو سب عدالتی قتل قرار دیتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ہم بار بار نواز شریف سے پوچھتے ہیں آخر سازش کیا ہے ،اگر جمہوریت کو خطرہ ہوا تو پیپلزپارٹی سب سنبھال لے گی ، کسی آئین سے ماورا قدم کو پیپلز پارٹی قبول نہیں کرے گی ۔پیپلزپارٹی ہمیشہ کہتی رہی کہ حکومت آئینی فورمز میں معاملات حل کر ے ۔ اپوزیشن کا بل ہم خود ہی پاس کروائیں گے ،حکومت اس بل سے نواز شریف جمہوری نظام کو بھگاڑنا چاہتے ہیں ،جمہوری نظام میں نواز شریف اور ان کے خاندان کو سزا ہو سکتی ہے ۔ نواز شریف ملک میں سیاسی گرد چاہتے ہیں جس سے انہیں فائدہ پہنچ سکے لیکن ججز کو سوچنا چاہیے کہ طاقتور کے خلاف فیصلہ دےکرکب تک گالیاں سننی چاہئیں ، ملک میں یہ تاثر نہیں ہونا چاہیے کہ کمزور کے لئے قانون الگ اور طاقتور کے لئے الگ ہے ۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ختم نبوت پاکستان میں طے شدہ معاملہ تھا ،آخر اسے کیوں چھیڑا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اصل شکل قوم کے سامنے آرہی ہے ، سمیع الحق سے اتحاد کر کے کونسا روشن خیال لا رہے ہیں ۔ بی بی شہید کے قتل کی منصوبہ بندی ان کے مدرسے میں ہوئی جس کے ساتھ عمران خان اتحاد کررہے ہیں۔