اسلام آباد(آئی این پی)حکومت نے حلقہ بندیوں کے حوالے سے حکومت کے آئینی ترمیم بل پر حمایت کیلئے پیپلز پارٹی سے مدد مانگ لی‘ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے سپیکر چیمبر میں 12 منٹ ملاقات کی ہے جس دوران انہوں نے سینیٹ میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے حکومت کے آئینی ترمیم بل کےلئے پیپلز پارٹی سے حمایت کی مدد مانگی ہے ‘میں نے وزیر اعظم کو بتا دیا ہے کہ اس حوالے سے میں ان کی کوئی مدد نہیں کر سکتا ‘ان کا پیغام اپنی اعلیٰ قیادت تک پہنچا دوں گا‘بہتر ہے حکومت تحریری طور پر قیادت کو اپنی تجاویز اور درخواست کرے ۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاو¿س میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ گزشتہ روز وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اسپیکر چیمبر میں مجھ سے 12 منٹ ملاقات کی جس میں شاہد خاقان عباسی نے سینیٹ میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے حکومت کے آئینی ترمیم بل کے لئے پیپلز پارٹی سے حمایت کی مدد مانگی ہے لیکن میں نے وزیر اعظم کو بتا دیا ہے کہ اس حوالے سے میں ان کی کوئی مدد نہیں کر سکتا لیکن ان کا پیغام اپنی اعلیٰ قیادت تک پہنچا دوں گا۔ جس پر شاہد خاقان عباسی نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے آصف زرداری یا بلاول بھٹو سے ملاقات یا فون پر رابطے کے لئے بھی تیار ہیں۔خورشید شاہ نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کا پیغام اعلیٰ قیادت تک پہنچا دیا ہے اب اعلیٰ قیادت ہی سینیٹ میں حکومت کے آئینی ترمیم کے بل کی حمایت یا شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کا فیصلہ کرے گی۔
