لاہور،سرگودھا (نمائندہ خبرےں ) سیال شریف کے سجادہ نشین پیر خواجہ حمید الدین سیالوی کی ن لیگ سے لاتعلقی کے اعلان کے بعد انہوں نے وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات کو بھی وزارت سے حکومت سے اعلان لاتعلقی کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز خواجہ نظام الدین سیالوی ایم پی اے نے خواجہ حمید الدین سیالوی کو ایم پی اے شپ کا استعفیٰ پیش کر دیا ہے جس پر انہوں نے پیر امین الحسنات کو بھی حکومت سے لا تعلق ہونے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیر امین الحسنات بھی جلد حکومت سے لاتعلقی کا اعلان کرسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں آئندہ 24 گھنٹے میں پیر امین الحسنات کی جانب سے حکومت سے لاتعلقی کا اعلان سامنے آسکتا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس سلسلہ میں پیر امین الحسنات نے باقاعدہ مشاورت شروع کردی ہے۔ قومی وصوبائی 41اراکین نے استعفے جمع کروا دیئے ہیں،ہمارے مطالبات نہ ماننے گئے تو جیل بھروتحریک ملک بھر میں شروع ہوجائے گی جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین دربار عالیہ سیال شریف صاحبزادہ حمید الدین سیالوی نے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا جب تک حکومت وفاقی وزیر زاہد حامد سے استعفے نہیں لیتی اور راجہ ظفرالحق کی رپورٹ عام نہیں کرتی اس وقت تک چین نہیں آ ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتوار تک ملک بھرسے41 شائخ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے استعفے جمع کروا دیئے ہیں۔ استعفے دینے والوں میں اکثریت کا تعلق مسلم لیگ نواز سے ہے۔ سجادہ نشین دربار عالیہ صاحب زادہ حمید الدین سیالوی نے کہا کہ ہماری دی گئی 48 گھنٹہ ڈیڈ لائن جو آج شام کو ختم ہور ہی ہے اس کے بعد جیل بھرو تحریک کا آغاز شروع ہو جائے گا۔