اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کی پہلی متحدہ فوج اسلامی ممالک میں امن واستحکام کی بحالی اور دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ چین اور امریکہ کی جانب سے اسلامی متحد فوج کی پزیرائی واضح پیغام ہے کہ اسلامی دنیا کے بارے میں پھیلائے گئے منفی تشخص میں تبدیلی کا آغاز ہوگیا ہے۔ الجزیرہ ٹیلی ویژن کو انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ اسلامی عسکری اتحاد سے دنیا کو واضح پیغام ملا کہ مسلمان دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور اس عفریت سے نجات کے لے مل کر کوششیں کریں گے۔عسکری اتحاد کا قیام دہشت گردوں اور ان سرگرمیوں میں ملوث تنظیموں کو سخت اوردوٹوک پیغام ہے کہ اسلامی ممالک میں دہشت گردی کوکسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا اور اس کی ہر شکل ختم کرنے کے لئے مشترکہ بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔موجودہ عالمی منظر نامہ میں یہ ایک نہایت اہم اورمثبت پیشرفت ہے۔ اس سے اسلامی دنیا کے خلاف سازشوں کا راستہ روکنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی ممالک کے مشترکہ اقدام سے عالمی سطح پر پھیلائے جانے والے اس پراپیگنڈہ کی نفی ہوئی کہ اسلامی دنیا دہشت گرد تنظیموں سے کسی طورپر وابستہ یا ان کی سرپرستی میں ملوث ہے۔ ایک سوال پر محمد علی درانی نے کہاکہ عالمی سطح پر بننے والے ہر اتحاد کی طرح اگر کوئی ملک فی الوقت اسلامی عسکری اتحاد کا حصہ نہیں تو یہ امکان رد نہیں کیاجاسکتا کہ مستقبل میںوہ اس کا حصہ نہیں ہوگاجیسا کہ واضح کیاگیا ہے کہ یہ اتحاد کسی ملک یا مسلک کے نہیں بلکہ خالصتا دہشت گردی کے خلاف ہے اور اس کا مقصددہشت گردی کے خلاف مشترکہ بنیادوں پر حکمت عملی کی تیاری اور پیشہ وارانہ اشتراک عمل کی راہیں ہموار کرنا ہے۔ اس اتحاد کے تحت کئے جانے والے اقدامات اقوام متحدہ اور اسلامی کانفرنس تنظیم (اوآئی سی) کے دہشت گردی کے خلاف مرتب کردہ قوانین وضابطوںاوررہنما اصولوں کے مطابق ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ بری فوج کے سابق سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف کی قیادت میں اسلامی ممالک کی اولین فوج دنیا کی چھٹی بڑی فوج ہوگی جو اسلامی دنیا کو لاحق خطرات میں ایک اہم پالیسی فورم بھی ثابت ہوگی۔پا کستا ن نے دہشت گر دی کے خلا ف سب سے زیادہ مالی اور جا نی قر با نیا ں دی ہیں اس اتحاد میںپاکستا ن کی شمولیت سے دیگر ممالک دہشت گر دی کے خلا ف پا کستا ن کے تجربات سے فائد ہ اٹھاسکیںگے۔ ایک سوال پر سابق وفاقی وزیر نے کہاکہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اسلامی دنیا اور خاص کر مسلمان نوجوانوں کو امید کا پیغام دیا ہے۔ اسلامی عسکری اتحاد کی کوششوں کی صورت میں جو مثبت تشخص عالمی سطح پر ابھر رہا ہے اس کا براہ راست فائدہ مسلمان نوجوان نسل کو ہوگاجو خاص طورپر مغرب میںزیر تعلیم یا روزگار سے وابستہ ہے۔