لندن /اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جو ریفرنسزمیرے خلاف بنائے گئے ہیں میں ان کو قطعا نہیں مانتا کیوں کہ یہ انتقام پر مبنی ہے اور ملک میں انتشار پھیلانے کے مترادف ہے،پہلے ایک ڈکٹیٹر نے ہماری حکومت ختم کی اور اب پانچ ججوں کے فیصلے سے ملک کا ستیا ناس ہونا شروع ہوگیا ہے، پاکستان میں گزشتہ 70 سال سے یہ گھناﺅنا مذاق ہورہا ہے ،ہم سے پہلے بھی دہشت گردی تھی اس کا نوٹس کیوں نہیں لیا گیا اور سب رپورٹس منظرعام پر آنی چاہئیں ورنہ کمیشن بنانے کا کیا فائدہ ہے۔گزشتہ روز لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا لیکن اس کا یہ صلہ ملا کہ ہمیں ملک بدر کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ 70 سال سے یہ گھناونا مذاق ہورہا ہے جب کہ ہم سے پہلے بھی دہشت گردی تھی اس کا نوٹس کیوں نہیں لیا گیا اور سب رپورٹس منظرعام پر آنی چاہئیں ورنہ کمیشن بنانے کا کیا فائدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی اور کو بھی پکڑو، صرف نوازشریف کا ہی گلا دبوچتے ہو، یہی وجہ ہے کہ جو ملک میں اندھیرے پیدا کرتے ہیں وہ عیش کررہے ہیں۔مسلم لیگ (ن)کے صدر کا کہنا تھا کہ ملک میں اب لوڈشیڈنگ ختم ہورہی ہے اور بجلی وافر مقدار میں موجود ہے جبکہ 2013میں 20،20گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی مگر ہم ملک میں روشنیاں واپس لائے اور لوگوں کی توقعات پر پورا اترے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 2013سے دھرنے ہی دیکھتے رہے ہیں، نجانے پاکستان میں کیا رواج بن گیا ہے کہ دھرنے سے کم میں بات ہی نہیں کرتے۔