تازہ تر ین

3لیگی ارکان کا استعفیٰ پنجاب اسمبلی کو مل گیا

لاہور (این این آئی) ختم نبوت کے معاملے پر مستعفی ہونے کا اعلان کرنے والے تین اراکین کے استعفے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول ہوگئے۔ اراکین نے استعفے اپنے نمائندے کے ذریعے سیکرٹری اسمبلی کو وصول کرائے۔ پی پی 37 سے رکن اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ صاحبزادہ غلام نظام الدین سیالوی کی جانب سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے نام تحریر کئے گئے استعفے کے متن میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب کی کابینہ میں شامل رکن نے حضور پاک ﷺ کی ختم نبوت پر گستاخانہ رویہ اپنایا۔ میں نے حکومت پنجاب کے سامنے احتجاج پیش کیا مگر میری نہیں سنی گئی لہٰذا میں احتجاجاً پنجاب اسمبلی سے بحیثیت رکن اپنا استعفیٰ پیش کرتا ہوں جسے منظور کیا جائے۔ پی پی 81 سے رکن اسمبلی و ممبر زکوة و عشر محمد خان بلوچ کی جانب سے استعفے کے متن میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب کی کابینہ میں شامل رکن نے ہمارے پیارے نبی پاک ﷺ کی ختم نبوت پر گستاخانہ بیان دیا جس پر پورے ملک کے مسلمان سراپا احتجاج ہیں لیکن حکومت پنجاب نے اس پر توجہ نہیں دی لہٰذا میں احتجاجاً پنجاب اسمبلی کی رکنیت سے اپنا استعفیٰ دیتا ہوں جسے منظور کیا جائے۔ پی پی 74 سے رکن اسمبلی و ممبر اوقاف و مذہبی امور محمد رحمت اللہ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے نام تحریر کردہ اپنے استعفے کے متن میں کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے وزیر ثنا اللہ خان صاحب نے ختم نبوت پر غلط بیان دیا اور اس سے پورے ملک کے مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔ میں نے اپنے حلقہ کی ترجمانی کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے مذکورہ وزیر کے مستعفی ہونے کے لئے احتجاج کیا مگر توجہ نہ دی گئی لہٰذا میں مسلمان ہوتے ہوئے احتجاجاً مستعفی ہو رہا ہوں۔ میرے استعفے کو منظور کیا جائے۔ تینوںاراکین نے استعفے اپنے لیٹر ہیڈ پر ہاتھ سے تحریر کر کے روانہ کئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسمبلی سیکرٹریٹ نے استعفے موصول ہونے کے بعد دفتری کارروائی کا آغاز کردیا ہے اور اب اسپیکر رانا محمد اقبال استعفے بھجوانے والے اراکین کو اپنے چیمبر میں طلب کر کے ان سے باضابطہ استعفوں کی تصدیق کریں گے۔

 


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain