لاہور (خصوصی رپورٹ) پاکستان عوامی تحریک نے 31 دسمبرکے بعد دھرنے کے لئے مختلف آپشنز پر غور شروع کر دیا ، حمایتی جماعتوں کے ساتھ ملکر چاروں صوبوں میں دھرنے دیئے جا سکتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق عوامی تحریک کی جانب سے چاروں صوبوں میں دھرنے دینے پر غور کیا جا رہا ہے اس کے ساتھ گلگت بلتستان اورکشمیرمیں بھی دھرنے دیئے جا سکتے ہیں ۔ اس حوالے سے عوامی تحریک کے ذرائع کا کہناہے کہ عوامی تحریک،پی ٹی آئی لاہور اور راولپنڈی میں اہم سڑکوں پردھرنے دے سکتی ہیں۔ فیصل آباد میں سنی اتحاد کونسل کے ساتھ دھرنا دے سکتی ہے،کراچی میں پاکستان عوامی تحریک پی ایس پی کے ساتھ دھرنے دے سکتی ہے جبکہ پیپلزپارٹی اپنی اخلاقی حمایت جاری رکھے گی جبکہ عوامی تحریک ایم کیو ایم کواپنے ساتھ شامل کرنے میں کامیاب ہوسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ،گلگت میں پاکستان عوامی تحریک ایم ڈبلیو ایم کیساتھ دھرنا دے سکتی ہے،آزاد کشمیرمیں پاکستان عوامی تحریک مسلم کانفرنس کے ساتھ دھرنا دے سکتی ہے،شاہراہ ریشم پر پاکستان عوامی تحریک ایم ڈبلیو ایم کیساتھ دھرنا دے سکتی ہے۔
لاہور (نیا اخبار رپورٹ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ حکومت کے لیے مارچ کا مہینہ نظر نہیں آرہا۔ نوازشریف جس دن عدلیہ مخالف تحریک شروع کریں گے۔ اسی دن ہم بھی سڑکوں پر آئیں گے اور تحریک قصاص شروع کریں گے۔ منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق خان سے ملاقات کے بعد یریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کارکن سڑکوں پر آنے کے لیے سرد کپڑے تیار رکھیں۔ طاہر القادری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کا تخت ڈول رہا ہے بہت جلد شریف برادران جیلوں میں ہوں گے۔ سابق وزیراعظم آزادی کشمیر سردار عتیق نے کہا کہ یہ انوکھا واقعہ ہے کہ شریف برادران سرکاری سرپرستی میں سرکار کیخلاف تحریک چلارہے ہیں۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور سربراہ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی سربراہی میں ارکان آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی ، سابق وزراءاور سینئر رہنماﺅں کے 17 رکنی وفد نے طاہر القادری سے ملاقات کی۔