لاہور (خصوصی رپورٹ) شیخ زید ہسپتال میں مریضوں کو مفت علاج معالجے کی فراہمی کی محدود پیمانے پر دستیاب سہولت بھی بند کر دی گئی ہے۔ کسی بھی مریض کو مفت علاج اب صرف چیئرمین شیخ زید کی اجازت سے ہی مل سکے گا۔ چیئرمین شیخ زید ہسپتال نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے تمام انتظامی ڈاکٹرز کے کسی مریض کو علاج معالجے، ٹیسٹوں اور ادویات کی مفت فراہمی کا اختیار ختم کر دیا ہے۔ چیئرمین شیخ زید ہسپتال کے جاری کردہ احکامات کے مطابق کوئی انتظامی ڈاکٹر کسی بھی مریض کو نہ تو بیڈ چارجز معاف کر سکتا ہے نہ ہی مفت کلینیکل ٹیسٹ اور ادویات فراہم کر سکتا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مفت علاج کی فراہمی کا کلی اختیار چیئرمین شیخ زید ہسپتال کے پاس ہوگا، چیئرمین کی اجازت کے بغیر کسی پیچیدہ مرض کے شکار مریض پر سٹڈی کی غرض سے مفت علاج کی فراہمی کا بھی متعلقہ شعبے کا پروفیسر یاکنسلٹنٹ مجاز نہیں ہو گا، اس مقصد کیلئے بھی چیئر مین شیخ زید ہسپتال سے منظوری حاصل کرنا لازمی ہو گا۔