تازہ تر ین

کوئی این آراو نہیں کرایا جا رہا، سعودیہ ہما ری ترقی میں ریڑھ کی ہڈی بنے گا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد میں سعودی سفیر ایڈمرل(ر) نواف سعید المالکی سے طویل ملاقات کے بعد سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے رائے دی ہے کہ سعودی عرب نواز شریف کے لئے کوئی این آر او نہیں کرائے گا۔ چینل ۵ میں ”ضیاشاہد کے ساتھ“ پروگرام میں ضیاشاہد کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہااپوزیشن کہہ رہی ہے اور حکومت کے بیانات سے بھی یہی بات واضح ہو رہی ہے کہ کوئی این آر او نہیں ہو رہا۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ شہباز شریف کے بعد نواز شریف بھی سعودی عرب جا رہے ہیں، ملک میں افواہیں زوروں پر ہیں۔ عمران خان کہتے ہیں کہ کوئی این آر او ہوا تو وہ سڑکوں پر آئیں گے۔ آپ نے کچھ عرصہ قبل سعودی سفیر کو کھانا دیا تھا۔ اس میں میں نے سعودی سفیر سے سوال کیا تھا کہ کیا سعودی عرب حکومت نواز شریف کے سلسلے میں کوئی این آر او کرانے کی کوشش کرے گا جیسا کہ آپ نے نواز شریف کو اٹک جیل سے رہا کرا کے سعودی عرب لے گئے تھے جس پر انہوں نے ایسی کسی کوشش کی تردید کی تھی اور یہ اگلے روز خبریں کی لیڈ سٹوری تھی۔ اب بھی اتفاق سے وہی سیچوایشن ہے۔ آپ سعودی سفیر سے ملاقات کر کے آ رہے ہیں کیا اب آپ سے بہتر کوئی آدمی نہیں جو بتا سکے کہ کیا کوئی نیا این آر او ہونے والا ہے۔ جس کے جواب میں محمد علی درانی نے رائے دی کہ کوئی نیا این آر او نہیں کرایا جا رہا۔ سعودی سفیر کے ساتھ ملاقات کے حوالے سے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اور ایک بیان میں بھی انہوں نے سعودی سفیر کے حوالے سے بتایا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان نے سعودی عرب اور پاکستان کی ترقی کے اہداف کو باہم منسلک کردیا ہے۔ سعودی عرب کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں پاکستان اور اس کے عوام شانہ بشانہ ہوں گے اور پاکستانی عوام کے لئے روزگار کے نئے دروازے کھلیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان معاشی و اقتصادی روابط کے نئے دور کا آغاز چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی افادیت بڑھادے گا اور پاکستان کا دفاع مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان طویل دورانیہ کی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان سعودی عرب تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ نواف سعید احمد المالکی نے کہاکہ پا کستان اور سعودی عرب دوبھائی ہیں جن میں باہمی اعتماد، محبت اور اخوت کا رشتہ اٹل حقیقت ہے۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور ولی عہدہ شہزادہ محمد بن سلمان کی نئی پالیسی کے تحت پاکستان کو معاشی ،دفاعی طورپر مضبوط بنانا اور عوام کی خوشحالی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لئے مستقبل قریب میں سعودی عرب پاکستان کی معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان اعلی ترین عسکری اور سیاسی سطح پر ہونے والی بات چیت میں طے پانے والے امور کو عملی تعاون میں ڈھالنے کے لئے سعودی عرب کا وفد نئے سال کے آغاز میں پاکستان آرہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں برادر ممالک نے حالات کی پروا کئے بغیر ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ یہ روشن روایت نئی قوت سے آگے بڑھے گی۔سابق وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کے وژن2030ءکے تحت پاکستان کے معاشی استحکام،دفاعی قوت میں اضافے اور عوامی خوش حالی کے لئے تاریخی اقدام پر عوام کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب نے حکومتوں سے قطع نظر پاکستان کی ہر مرحلے پر کھل کر سرپرستی کی ہے۔ پاکستان کے عوام اس جذبہ اور محبت کی دلی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے سعودی سفیر نواف سعید احمد المالکی کو دونوں ممالک کے درمیان ریاستی اور عوامی سطح پر روابط کو فعال بنانے میں تاریخی کرداراداکرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ سعودی قیادت کی بصیرت کی روشنی میں2018ءدونوں ممالک کے درمیان تعاون، اشتراک عمل اور باہمی اقدامات کے ایک نئے مثالی دور کی خوشخبری لے کر طلوع ہورہا ہے جس سے پاکستان معاشی، دفاعی سطح پر مضبوط ہوگا اور پاکستان کے عوام کی خوشحالی کی راہ ہموار ہوگی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب سے حالیہ دورہ سے واپسی کے بعد سعودی سفیر کی کسی غیرحکومتی سیاسی شخصیت سے یہ پہلی طویل ملاقات تھی۔

 


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain