لاہور (خصوصی رپورٹ) حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کے 3لاکھ اساتذہ کو اگلے گریڈ میں ترقی دیدی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے تین لاکھ اساتذہ کی اگلے گریڈ میں ترقی دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے تحت گریڈ 9کے 1لاکھ 50ہزار اساتذہ کوگریڈ 14، گریڈ 14 کے 80ہزار اساتذہ کو گریڈ 15اور گریڈ 15 میں کام کرنے والے 40ہزار اساتذہ کو گریڈ 16 میں ترقی دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق نوٹیفکیشن کی روشنی میں گریڈ 16 میں کام کرنے والے اساتذہ کو 2 سالہ انکریمنٹ بھی دی جائینگی جس کے لئے محکمہ خزانہ پنجاب نے بھی احکامات جاری کردئیے ہیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ترقی پانےوالے اساتذہ کو گریڈ کے حساب سے رواں ماہ 1500 سے 7000 روپے اضافی تنخواہ ملے گی۔ اساتذہ کی ترقی کی خبر ملنے پر تعلیمی اداروں میں ایک دوسرے کو مبارکبادیں دینے مٹھائی تقسیم ہوتے ہی جشن کا سماں پیدا ہوگیا۔