کوئٹہ (بیورو رپورٹر) بلوچستان اسمبلی کے اراکین کی جانب سے وزیراعلی بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائے جانے کے بعد وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کو وزارت سے الگ کو کر دیا گیا۔ وزیر ماہی گیری بلوچستان میر سرفراز چاکر ڈومکی نے وزیراعلی بلوچستان کو اپنا استعفی پیش کردیا ہے۔ اس سے قبل بلوچستان اسمبلی کے اراکین نے وزیراعلی بلوچستان کے خلاف عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔ بلوچستان اسمبلی کے 14 اراکین کی جانب سے وزیراعلی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی گئی۔ تحریک عدم اعتماد رکن اسمبلی عبدالقدوس بزنجو اور سید آغارضا کی جانب سے جمع کرائی گئی جس پر 14 اراکین اسمبلی کے دستخط ہیں۔ عدم اعتماد کی تحریک پر رکن اسمبلی میر قدوس بزنجو، میر کریم نوشیروانی، آغا رضا، میر خالد لانگو، نوابزادہ طارق مگسی، ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی، محمد اختر مگسی، زمرد خان اچکزئی، حسین بانو، شاہدہ رف، خلیل الرحمان، عبدالمالک کاکٹر اور امان اللہ نوتیزئی شامل ہیں۔ خیال رہے کہ وزیراعلی بلوچستان نواب ثنااللہ زہری کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے اور ان سے قبل نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے عبدالمالک بلوچ وزیراعلی بلوچستان کے عہدے پر فائز تھے۔ رکن صوبائی اسمبلی میرعبدالقدوس بزنجونے سیکرٹری بلوچستان اسمبلی کے پاس وزیراعلی نواب ثنا اللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی درخواست جمع کرادی۔ درخواست میں 14ارکان اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔ تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ گزشتہ بجٹ میں ہمارے تحفظات تھے جنہیں دورنہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے ہم نے نواب ثنا اللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ بلوچستان اسمبلی 65 ارکان پر مشتمل ہے، جن میں سے 52حکومتی اتحاد میں شامل ہیں۔