اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں قانون کا لاڈلہ ہوں، قانون پر عمل کرتا ہوں۔ اگر نوازشریف کو این آر او دیا گیا تو سپریم کورٹ کوکہوں گا جیل کھول دیں اور سب کو رہاکر دیں، یہ لوگ ملک کا پیسہ چوری کرکے سعودی عرب سے این آراو لینا چاہ رہے ہیں،مجھے کیوں نکالا نے ایک قطری خط پیش کیا،نیب مفروروں کو باہر جانے کی اجازت دے رہا ہے۔ منگل کو اسلام آباد احتساب عدالت میں ضمانت منظور ہونے کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ زندگی میں کبھی چوری نہیں کی۔ ایک سال سپریم کورٹ میں تلاشی دی سپریم کورٹ نے جو دستاویزات مانگے دیئے۔64 دستاویزات فراہم کیے،ہمارا مقابلہ مافیا سے ہو رہا ہے۔ اگر خورشید شاہ ڈبل شاہ بن جاﺅں تو میرے کیس بھی ختم ہو جائیں گے، سارے نجومیوں نے بھی کہہ دیا اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہوگی؟اگر یہ بات سچ ہو گئی تو پاکستان میں انصاف کا نظام لاوں گا ۔ امریکی صدر کے پاکستان مخالف بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ٹرمپ کو پاکستان کے دشمنوں نے بریف کیا ہے اور امریکی صدر میں عقل نام کی کوئی چیز نہیں۔ امریکہ کی جنگ میں ملک میں تباہی بھی ہوئی اور جانوں کا بھی نقصان ہوا اور جب کہاکہ جنگ ہماری نہیں تو مجھے طالبان خان کہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں آج کہتا ہوں ہمیں اس سے سبق سیکھنا چاہیے کسی اور کی جنگ ان سے پیسے لے کر لڑیں گے اس میں آپ کے سامنے مزید ذلت اور تباہی ہے میں جب کہہ رہا تھا کہ یہ ہماری جنگ نہیں تو مجھے طالبان خان کہا جاتا تھا آج حقائق سامنے آئے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتنی قربانیوں کے بعد جس طرح کی باتیں امریکی صدر کررہا ہے یہ پاکستانیوں کے لیے عبرتناک ہے کہ آئندہ کسی کی جنگ میں شرکت نہ کرنا جتنے مرضی وہ پیسے دیں۔ اس سے بین الاقوامی سطح پر ذلت ملتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کہتے رہے مجھے اقامہ پر نکالا اقامہ میں چیز سامنے آ گئی کہ ایف زیڈ ای کمپنی میں کوئی کاروبار نہیں ہو رہا تھا وہ کچھ کام نہیں کر رہی تھی اس کمپنی میں کروڑ ڈالرز پاکستان سے جاتے تھے اور وہاں سے سعودی عرب ہل میٹل میں جاتے تھے اور ہل میٹل حسین نواز چلا رہا تھا یہ منی لانڈرنگ کا طریقہ تھا اب چیزیں سامنے آ رہی ہیں یہ کمپنی کوئی کام نہیں کر رہی تھی۔ نواز شریف نے کہا کہ وہ تنخواہ نہیں لے رہا تھا وہ کمپنی کام ہی نہیں کررہی تھی تو تنخواہ اس نے کیسے دینی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب دونوں بھائی سعودی عرب بھاگ گئے ہیں ان کو تھوڑی سی بھی شرم ہو تو اس میں ڈوب جائیں۔ ساری قوم کے سامنے دو بھائی اپنی چوری بچانے گئے ہیں۔ سب کو پتہ ہے یہ اپنی چوری بچانے گئے ہیں۔ این آر او لینے کے لیے گئے ہیں یہ جدھر مرضی چلیں جائیں ان کو پتہ ہونا چاہیے پہلے این آر او میں پاکستانی قوم کو سمجھ ہی نہیں اس کی بات چیت باہر ہوئی اور ایک دم پتہ چلا این آر او ہو گیا اور اس کے بعد افتخار چوہدری کی سپریم کورٹ نے اسے رد کیا۔ ساری قوم اب کوئی این آر او قبول نہیں کرے گی غریب لوگ ہزاروں اور لاکھوں کی چوری میں جیل میں پڑے ہیں اور انہوں نے تین سو ارب روپے باہر چوری کے ذریعہ رکھے ہوئے ہیں میں کہتا ہوں اس سے کہیں زیادہ پیسہ ان کا باہر پڑا ہوا ہے۔ اس کو بچانے کے لیے یہ باہر کی قوت کو کہہ رہے ہیں آ کر ہمیں بچا لو یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستانی قوم بھیڑ، بکریوں کی ہے کہ چپ کر کے تسلیم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر این آر او کی خوشبو بھی آئی تو سڑکوں پر اب جو قوم نکلے گی کوئی برداشت نہیں کر سکے گا۔ شاہد خاقان عباسی کی حکومت نہیں برداشت کر سکے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی الیکشن کے لیے تیار ہے بلکہ قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کر رہی ہے ملک میں حکومت نام کی چیز نہیں۔ خاقان عباسی ایک کٹ پتلی ہے ان کا کام ہے اسحاق ڈار جیسے آدمی کو ملک سے باہر بھگا دیا۔ ملک میں حکومت کا کام صرف چوروں کو بچانا ہے وہ اور کوئی کام ہی نہیں کررہی بہتر ہے کہ جلد انتخابات کروائے جائیں۔ تاکہ حکومت نیا مینڈیٹ لے کر آئے اور ملک کو بہتر کرے ملک کو آگے بڑھائے جمہوری طریقہ قبل از وقت انتخابات ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ عدالت کی جانب سے ضمانت منظور ہونے کے بعد ثابت ہو گیا ہے میں دہشت گرد نہیں ہوں میں بابر اعوان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے اعزازی طور پر کیس لڑا اور بڑے اچھے دلائل دیئے اور بڑی اچھی طرح کیس لڑا۔ انہوں نے کہا کہ اگر دہشت گردی کے قانون کو سیاسی مخالفین کا منہ بند کرنے کے لیے استعمال کریں گے تو یہ پاکستان کی جمہوریت کو تباہ کرنے کی بات ہے ان کا کہنا تھا کہ سارے نجومیوں نے بھی کہہ دیا ہے کہ آئندہ حکومت تحریک انصاف کی ہوگی میں تو اﷲ پر ایمان رکھ کر کہتا ہوں ہم نے نیب کو ٹھیک کرنا ہے۔ تاکہ بڑے بڑے ڈاکو تین سو ارب روپے کی چوری کے بعد این آر او لینے کے لیے سعودی عرب نہ بھاگیں اور دوسرا کریمنل نظام کو ٹھیک کرنا ہے ہم نے ملک میں انصاف کا نظام لانا ہے۔ اگر نوازشریف کو این آر او دیا تو میں سپریم کورٹ جا کر کہوں گا کہ یہاں قانون بناﺅ سارے جیل کھول دو۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ مافیا سے ہو رہا ہے یہاں سیاست نہیں ہو رہی۔ میں خورشید شاہ ڈبل شاہ بن جاﺅں میرے خلاف سارے کیسز ختم ہو جائیں گے خورشید شاہ کے خلاف نیب میں اربوں روپے کا کیس ہے کیوں اس سے کوئی نہیں پوچھ رہا کیونکہ وہ ان کے ساتھ ملا ہوا ہے عمران خان کا کہنا تھا کہ میں قانون کا لاڈلہ ہوں قانون پر چلتا ہوں زندگی میں کوئی چوری نہیں کی ایک سال سپریم کورٹ میں تلاشی دی 34 سال قبل انگلینڈ میںایک فلیٹ لیا تھا میں نے سپریم کورٹ کو 64 دستاویزات دیں جو مانگا دیا۔ سپریم کورٹ میں میری تلاشی لی گئی 95 فیصد ارکان قومی اسمبلی نہیں بچ سکتے تھے جس طرح کی تلاشی میں نے دی مجھے کیوں نکالا نے تین سو ارب روپے کا جواب دینا ہے اور ایک قطری خط لے کر آتا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا میں صادق اور امین ہوں عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کی کوشش ہے وہ اپنے تین سو ارب روپے بچا لیں اس کے لیے وہ سعودی عرب گئے ٹرمپ کے گھٹنے پکڑے گا۔ نریندر مودی کے پاس جائے گا جو مرضی اس سے کروانا ہے کروا لویہ اپنے پیسے بچانے کے لیے پاکستان کی ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔