لاہور (خصوصی رپورٹ) اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر دوبارہ کام شروع کرنے کیلئے لاہور ٹریفک پولیس اور ٹیپا نے لاہور ہائیکورٹ جی پی او گیٹ بند کرنے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کو مراسلہ بھجوا دیا۔ ہائیکورٹ بار نے بھجوائے گئے مراسلے کو مسترد کردیا ہے۔ لاہور انتظامیہ کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کو بھجوائے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے کی تعمیر کے دوران ہائیکورٹ کا جی پی او گیٹ بند کر دیا جائے گا اور وکلاءو سائلین پارکنگ کیلئے کیتھڈرل سکول سے جی پی او چوک تک سڑک پارکنگ کیلئے استعمال کریں گے‘ یہی نہیں پارکنگ کیلئے فین روڈ بھی زیراستعمال ہو گی۔ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے انتظامیہ کے مراسلے کو مسترد کرتے ہوئے مو¿قف اختیار کیا ہے کہ وکلاءجی پی او گیٹ سے ہائیکورٹ کے اندر گاڑی پارک نہیں کر سکیں گے تو گیٹ بند ہونے سے روٹری کار لفٹ پارکنگ بھی تین ماہ کیلئے بند ہو جائے گی جبکہ جی پی او گیٹ سے ہائیکورٹ میں پارکنگ نہ ہونے سے فین روڈ پر ٹریفک کا دباﺅ بڑھے گا۔ علاوہ ازیں فین روڈ پر عام دنوں میں ٹریفک جام معمول کی بات ہے۔ 8جنوری سے عدالتی تعطیلات ختم ہونے کے بعد مال روڈ پر ٹریفک کے دباﺅ میں بھی اضافہ ہو گا۔ وکلاءنے مطالبہ کیا ہے کہ مال روڈ سے ہی گاڑیوں کو لاہور ہائیکورٹ کے اندر داخلے کی اجازت دی جائے۔
