اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے اپنے باس وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا حکم رد کرتے ہوئے مستعفی ہونے سے انکار کر دیا ہے اور پارٹی صدر میاں نواز شریف پر واضح کیا ہے کہ وہ ان کے استعفے کے حوالے سے فیصلہ کر دیں وہ صرف ان کا حکم مانیں گے مگر پیر حمید الدین سیالوی کے مطالبے اور وزیر اعلی کی ہدایت پر بھی وہ مستعفی نہیں ہونگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف چاہتے تھے کہ رانا ثنا ءاللہ مستعفی ہو جائیں تاکہ پیر حمید الدین سیالوی کے میدان میں آنے کی وجہ سے جو مذہبی ووٹ ن لیگ سے دور ہو رہا ہے وہ نہ ہو اور آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن اس مذہبی ووٹ سے کہیں محروم نہ ہو جائے شہباز شریف چونکہ ن لیگ کے آئندہ عام انتخابات کے بعد وزارت اعظمی کے امیدوار ہونگے اس لئے وہ اس مذہبی ووٹ کی کسی اور کے حق میں تقسیم نہیں چاہتے اور رانا ثناءاللہ کو اسی لئے انہوں نے مستعفی ہونے کا کہا تھا لیکن رانا ثناءاللہ نے یکسر انکار کر دیا اور ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ چند دن قبل رائے ونڈ میں ہونے والے ایک اجلاس میں بھی یہ معاملہ زیر غور آیا تھا اور شہباز شریف سمیت بعض رہنماﺅ ں کی رائے تھی کہ رانا ثنائ اللہ مستعفی ہو جائیں ورنہ مذہبی اور دینی ووٹ کی تقسیم سے ن لیگ کو آئندہ انتخابات میں نقصان ہوگا اس موقع پر رانا ثناءاللہ نے موقف اختیار کیا کہ وہ بلیک میل ہو کر استعفی نہیں دینگے میرے استعفے کا فیصلہ پارٹی قائد نواز شریف کر دیں میں انھیں مکمل اختیار دیتا ہوں کہ وہ جب چاہیں میرے استعفے کے حوالے سے اعلان کر دیں مگر کسی اور کے کہنے پر مستعفی نہیں ہون گا جس پر شہباز شریف اور رانا ثناءمیں ناراضگی بھی ہو گئی تھی تاہم نواز شریف نے معاملے کو سنبھالا اور کہا کہ وہ پارٹی کے سینئر رہنماﺅ ں سے مشاورت کے بعد رانا ثناءکے استعفے پر حتمی فیصلہ کرینگے تاہم ایسی روایت نہیں ڈالنی چاہیے کیونکہ وفاقی حکومت پہلے ہی ختم نبوت کے معاملے پر زاہد حامد سے استعفی لے چکی اس لئے رانا ثناءاللہ سے استعفی مانگنا درست نہیں تاہم وہ ایک دو دن میں اس حوالے سے واضح فیصلہ کرینگے اور رانا ثناءاللہ کے موقف کو بھی سنا جائے گا ۔