کراچی (آئی این پی) پاکستان نے کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا، میزائل سطح آب سے سطح آب پر مار کرنے اور زمینی حملے کی صلاحیت کا حامل ہے، میزائل نے اپنے ہدف کو پوری کامیابی سے نشانہ بنایا، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نیول فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہپاکستان نیوی نے کسی بھی بحری جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ پاک بحریہ کے میزائل کرافٹ پی این یس ہمت نے اندرون ملک تیارکردہ نیول کروز میزائل فائر کیا۔ یہ میزائل سطح آب سے سطح آب پر مار کرنے اور زمینی حملے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ میزائل نے اپنے ہدف کو پوری کامیابی سے نشانہ بنایا۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پی این ایس عالمگیر سے فائرنگ کے اس مظاہرے کو دیکھا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق، ویپن فائرنگ کا یہ کامیاب مظاہرہ پاک بحریہ کی فائر پاور کی قابل اعتماد صلاحیت کا مظہر ہے۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نیول فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اندرون ملک دفاعی صلاحیتوں کو مزید فروغ دینے اور بیرونی ممالک پر انحصار کم سے کم کرنے کی ضرورت ہے۔