تازہ تر ین

ن لیگ کا جوابی وار

لاہور (نیااخبار رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سینٹ انتخاب کا راستہ روکنے کیلئے خیبر پختونخوا اسمبلی توڑنے کے پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ اقدام کو ناکام بنانے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے اور اس ماہ کے آخر میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے خلاف تحریک عدم اعتماد اسمبلی میں پیش کرنے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور شروع کر دیا ہے۔ اس مقصد کیلئے مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے سرکردہ رہنماﺅں نے جمعیت علمائے اسلام (ف)‘ اے این پی‘ قومی وطن پارٹی‘ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے ناراض ارکان سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر امیر مقام نے گورنر خیبر پختونخوا ظفر اقبال جھگڑا‘ سابق وزیراعلیٰ پیر صابر شاہ‘ وزیراعظم کے مشیر سردار مہتاب خان عباسی اور دیگر مسلم لیگی اکابرین کو اعتماد میں لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سینٹ کے انتخابات سے قبل ملک میں سیاسی بحران پیدا کرنے اور سینٹ کے انتخابات کا راستہ روکنے کیلئے فروری کے پہلے ہفتے میں خیبر پختونخوا اسمبلی توڑنے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ اس طرح سینٹ کے الیکشن کا الیکٹورل کالج از خود ٹوٹ جائے گا اور نامکمل الیکٹورل کے باعث 5مارچ کو سینٹ کے 52اراکین کے الیکشن کا انعقاد ناممکن ہو جائے گا اور حکومت پر اسمبلیاں توڑ کر نئے انتخابات کرانے کا اپوزیشن کا دباﺅ بھی بڑھ جائے گا۔ وزیراعلیٰ کے خلاف ایوان میں عدم اعتماد کی تحریک جمع ہوجائے تو آئینی طور پر وہ اسمبلی نہیں توڑ سکتے۔ خیبر پختونخوا میں صوبائی حکومت کی اتحادی جماعت اسلامی اور وفاقی حکومت کی اتحادی جے یو آئی (ف)کے درمیان ایم ایم اے کی بحالی کے بعد قربتیں بڑھ گئی ہیں جو پاکستان تحریک انصاف کیلئے بڑا سیاسی دھچکا ہو سکتا ہے۔ اس وقت خیبر پختونخوا اسمبلی کے ارکان کی مجموعی تعداد 123ہے جن میں پاکستان تحریک انصاف کے 61‘ جے یو آئی (ف) کے 16‘ مسلم لیگ (ن) کے 16‘ قومی وطن پارٹی کے 10‘ جماعت اسلامی کے 7‘ عوامی نیشنل پارٹی کے 5اور 2آزاد ارکان ہیں۔ پی ٹی آئی کے کئی ارکان جو اسمبلی توڑنے کی تجویز کو غیرسنجیدہ قرار دے رہے ہیں ‘وہ پی ٹی آئی کے اسمبلی توڑنے کی بھرپور مخالف کر سکتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے ذمہ دار ذرائع نے کہا ہے کہ سینٹ کے انتخابات سے قبل خیبر پختونخوا اسمبلی توڑنے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ موجودہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں اور انتخابات کے نتیجے میں جو بھی اسمبلیاں وجود میں آئیں انہیں تسلیم کیا جائے۔

 


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain