اسلام آباد (این این آئی)قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کے تمام علاقائی بیوروز اور صدر دفتر کو ہدایت کی ہے کہ بدعنوان، اشتہاری ملزمان اور مفروروں کو پکڑ کر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ¾نیب فورنزک لیبارٹری کے قیام کا بڑا مقصد عصر حاضر کی ضروریات پر پورا اترتاہے جس سے وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ رازداری کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔اتوار کو ایک بیان میں چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے قوم کی توقعات پر پورا اترنے کےلئے اپنی رفتار کو تیز کر دیا ہے اور بدعنوانی کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی اور ایک موثر انسداد بدعنوانی حکمت عملی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے نیب کو فعال ادارہ بنانے کے لئے اپنے تمام طریق ہائے کار کو بہتر بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدم برداشت کی پالیسی کے تحت انہوں نے نیب کے تمام علاقائی بیوروز اور صدر دفتر کو ہدایت کی ہے کہ بدعنوان، اشتہاری ملزمان اور مفروروں کو پکڑ کر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انسپیکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم کے چیئرمین کو حکم دیا ہے کہ معیار اور تعداد کی بنیادوں پر نیب ہیڈ کوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز کی سالانہ درجہ بندی کو یقینی بنائیں تاکہ سالانہ درجہ بندی کے نظام کے تحت ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے تمام علاقائی بیوروز کو نہ صرف ان کی افرادی قوت سے متعلق آگاہ کیا جائے گا بلکہ ان کی کوتاہیوں کی بھی نشاندہی کی جائے گی تاکہ وہ ان کوتاہیوں کو دور کریں بصورت دیگر ان کی درجہ بندی کا تخمینہ کم ہو گا اور مجاز اتھارٹی کی طرف سے سرزنش بھی کی جائے گی۔ یہ نظام بہت کامیاب ثابت ہوا ہے اور تمام علاقائی بیورو اب جوش و جذبے اور شفافیت کی بنیاد پر کام کرتے ہوئے مسابقتی ماحول میںکام کر رہے ہیں۔ نیب بیوروز کے مابین صحت مند مقابلے کا ماحول ہے اور سال کے اختتام پر مسابقت لے جانے والے بیوروز انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت سے ٹرافی وصول کرے گا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب انسداد بدعنوانی کا واحد ادارہ ہے جو مقررہ 10 ماہ کے اندر انکوائری اور تفتیش کا عمل مکمل کر کے احتساب عدالتوں میں تحقیقات کے لئے ریفرنس بھجواتا ہے جس کے حوصلہ افزاءنتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ نیب نے کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم (سی آئی ٹی) بھی تشکیل دے رکھی ہے جس سے نہ صرف انکوائری اور تفتیش کے معیارات میں بہتری لانے میں مدد ملی ہے بلکہ یہ بات بھی یقینی ہو گئی ہے کہ کوئی بھی شخص اثر و رسوخ استعمال کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جدید فورنزک لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو کہ ثبوت مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ تفتیش کے عمل میں بھی مددگار ہے۔ نیب فورنزک لیبارٹری کے قیام کا بڑا مقصد عصر حاضر کی ضروریات پر پورا اترتاہے جس سے وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ رازداری کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔