لاہور (نیااخبار رپورٹ) اپوزیشن نے حکومت کے خلاف پہلے پاور شو کی تیاریاں شروع کر دیں۔ 17جنوری کو پہلا جلسہ کہاں کیا جائے‘ رہنماﺅں نے سر جوڑ لئے۔ جلسے کیلئے 3مقامات پنجاب اسمبلی‘ جی پی او چوک یا ناصر باغ زیرغور ہیں۔ اپوزیشن رہنماﺅں کی متفقہ رائے ہے کہ پہلا پاور شو پنجاب اسمبلی کے سامنے کیا جائے۔ جلسے میں پارٹی سربراہوں کی شرکت کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کوشاں ہیں۔ انہوں نے آصف زرداری اور عمران خان کو جلسے میں شرکت پر رضامند کرنے کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا ہے خواہش ہے آصف زرداری اور عمران خان پہلے پاور شو میں آئیں۔ قیادت کی جلسے میں شرکت کی تصدیق 11جنوری کو ہو گی۔ پاور شو کی تیاریوں اور حکمت عملی کیلئے 11جنوری کو ایکشن کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں کور کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا جبکہ 13جنوری کو سنٹرل ورکنگ کونسل کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا۔ کور کمیٹی کا اجلاس ماڈل ٹاﺅن میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی زیرصدارت ہو گا جس میں سٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلوں پر مشاورت اور آئندہ حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں ایکشن کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کی ہدایات دی جائیں گی۔