راولپنڈی (صباح نیوز)قصور میں 7 سالہ زینب کے قتل کے معاملے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم کی فوری گرفتاری کیلئے پاک فوج سول انتظامیہ کی ہر ممکن مدد کرے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر( کے مطابق زینب کے والدین کی جانب سے آرمی چیف کو فوری نوٹس لے کر انصاف کی فراہمی کیلئے اپیل کی گئی تھی جس پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پاک فوج کو حکم جاری کر دیا ہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے زینب کے قتل کی سخت مذمت کی گئی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر عبرتناک سزا دی جائے۔اس سے قبل قصور کے علاقے روڈ کوٹ سے چار روز قبل اغوا کی جانے والی 7 سالہ بچی زینب کی لاش برآمد ہوئی۔ سفاک ملزمان نے زینب کو زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کرنے کے بعد لاش کو کوڑے کے ڈھیر پر پھینک دیا۔اعداد و شمار کے مطابق ملزمان نے 8 ماہ میں 13 معصوم کلیوں کو بے دردی کے ساتھ مسل ڈالا ہے۔