جہلم(ویب ڈیسک ) جہلم کے علاقے محلہ اسلامیہ سکول کے رہائشی بے روزگار اور مقروض باپ نے اپنے نومولود بچے کو مبینہ طور پر 5 ہزار روپے میں فروخت کر دیا۔نومولود کی ماں ثنا زبیر نے بچے کی بازیابی کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) کو درخواست دی جس میں موقف اختیار کیا کہ انہوں نے حال ہی میں جہلم کے مقامی ہسپتال میں بچے کو جنم دیا، جس کے بعد حالت بگڑنے پر انہیں راولپنڈی کے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سے واپسی پر ان کے شوہر زبیر اختر نے بتایا کہ اس نے نومولود کو 5 ہزار روپے میں اس کی بہن کے مالک مکان کو فروخت کر دیا ہے۔ڈی پی او نے تھانہ سول لائن کے ایس ایچ او کو فوری کارروائی کرکے بچے کی بازیابی کی ہدایت کر دی ہے۔
