لاہور (وقائع نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے مختلف سکولوں کے بچوں اور بچیوں کی طرف سے ”جسٹس فار زینب“ احتجاجی مارچ کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ اگر سنگین جرائم جڑ سے ختم کرنے ہیں تو پھر شہباز شریف، رانا ثناءاللہ کو او ایس ڈی بنانا اور عدالتوں میں طلب کرنا ہو گا، فائرنگ کا حکم ایس پی، ڈی ایس پی کی سطح کا افسر دیتا ہے۔ شہباز شریف صرف لاشوں کی قیمت لگاتے ہیں۔ تیس، تیس لاکھ لے کر قصور پہنچ گئے، حکمرانوں میں اتنی جرات نہیں کہ دن کی روشنی میں قصور جاتے، جب حکمران پبلک کو فیس نہ کرسکیں تو پھر انہیں سٹیپ ڈاﺅن کر جانا چاہےے،میں چیف جسٹس سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ قصور کے سانحہ کی ایف آئی آر منگوائیں کسی کو نامزد نہیں کیا گیا ہو گا ،4دن کے بعد معاملہ کمزور ایف آئی آر کی وجہ سے ختم ہو جائے گا ،یہی انکا طریقہ واردات ہے ۔بچوں اور بچیوں کے ہمراہ احتجاجی مارچ میں شیخ رشید احمد،قمر الزمان کائرہ،میاں منظور احمد وٹو،سینیٹر کامل علی آغا،ناصر شیرازی،خرم نواز گنڈا پور،ڈاکٹر حسن محی الدین ،ڈاکٹر حسین محی الدین،چوہدری فیاض احمد وڑائچ و دیگر رہنما شریک تھے ۔بچوں اور بچیوں نے انٹرنیشنل مارکیٹ سے منہاج القرآن سیکرٹریٹ تک احتجاجی مارچ کیا اور ” شہباز حکومت ختم کرو“ ، ” گو شہباز گو“ اور ”جسٹس فار زینب“ کے نعرے لگائے۔احتجاجی مارچ کے اختتام پر شیخ رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس نہج پر آگیا کہ اب جاتی امراءکی طرف مارچ کرنا ہو گا اور انہیں اٹھا کر لانا ہو گا ۔سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے قاتلوں کا ٹرائل ہوا ہوتا تو سانحہ قصور پیش نہ آتا۔قمر الزمان کائرہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ مارشل لاﺅں میں ہم احتجاج کرتے ،لاٹھیاں کھاتے اور لاٹھیاں مارتے بھی تھے مگر گولیاں نہیں چلائی جاتی تھیں ، ،سیدھی گولیاں چلانے والی درندگی کا آغاز شریف دور حکومت میں ہوا ۔ہم ماڈل ٹاﺅن کے شہدا کو بھی انصاف دلائیں گے ،زینب کو بھی اور پولیس بربریت کا شکار ہونیوالے قصور کے شہریوں کو بھی اس درندگی کے ساتھ حکومت کو نہیں چلنے دیں گے ۔سینیٹر کامل علی آغا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری کو اسلام آباد جانے سے روکنے کےلئے ماڈل ٹاﺅن میں لاشیں گرائی گئیں اور 17جنوری کے پر امن احتجاج کو روکنے کےلئے قصور میں لاشیں گرائی گئیں ،یہ لاشیں گرا کو خوف و ہراس پھیلاتے ہیں کہ کوئی انکے سیاسی ،معاشی جرائم پر آواز نہ اٹھا سکے ۔انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا زینب کیس میں نوٹس لینے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ جو معاشرے ہمارے اللہ اور رسول کو نہیں مانتے ،ان معاشروں میں بھی ریاستی ادارے احتجاج پر سیدھی گولیاں نہیں برساتے۔نواز شریف اور شہباز شریف اللہ کی پکڑ میں آگئے اب انہیں کوئی نہیں بچا سکے گا ۔ناصر شیرازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران پہاڑ کی چوٹی پر ہوتا ہے اور جو کچھ چوٹی پر ہوتا ہے وہی نیچے ہو رہا ہوتا ہے ،قوم کو اب فیصلہ کرناہو گا کہ قوم کی ہر زینب کو بچانا ہے تو اس درندہ حکومت سے جان چھڑانا ہو گی۔ سربراہ عوامی تحریک نے مزید کہا کہ بھلوال اور فیصل آباد میں بھی بچوں کے ساتھ درندگی ہوئی ،وزراءکہتے ہیں یہ واقعات کئی سال سے ہو رہے ہیں۔یہ درندگی کی انتہا ہے ۔میڈیا نے درندگی کو بے نقاب کیا تو یہ اس پر برس رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیدھی گولیاں مارنے کا حکم دینے والے کا کوئی نا م نہیں بتاتا،جسٹس باقر نجفی کمشن نے بھی اپنی رپورٹ میں لکھا کہ میں نے ایک ایک سے پوچھا کہ فائرنگ کا حکم کس نے دیا ۔انہوں نے لکھا کہ سب سے لب سی رکھے تھے جس کا مطلب ہے حکم کہیں اوپر سے آیا۔ہم سمجھتے ہیں اوپر نواز شریف اورشہباز شریف کے سوا کون بیٹھا تھا؟