میلبورن (اے پی پی) راجر فیڈرر نے چھٹی مرتبہ آسٹریلین اوپن اور مجموعی طور پر کیریئر کا 20واں گرینڈ سلام ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کر دی، فیڈرر نے مرین کلچ کو فیصلہ کن معرکے میں سخت مقابلے کے بعد ہرایا، فیڈرر 20 گرینڈ سلام مینز سنگلز ٹائٹل جیتنے والے دنیا کے پہلے اور مجموعی طور چوتھے کھلاڑی ہیں، اس سے قبل ویمنز سنگلز گرینڈ سلام تاریخ میں مرگریٹ کورٹ، سرینا ولیمز اور سٹیفی گراف کو 20 سے زائد گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ اتوار کو آسٹریلیا میں کھیلے گئے سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز ایونٹ کے فائنل میں فیڈرر اور مرین کلچ کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم اعصاب کی جنگ میں قسمت نے فیڈرر کا ساتھ دیا اور انہوں نے کلچ کو ہرا کر چھٹی مرتبہ آسٹریلین اوپن اور مجموعی طور پر بیسواں گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، فیڈرر نے پہلے سیٹ میں کلچ کو 6-2 سے ہرا کر برتری حاصل کی لیکن کلچ نے دوسرے سیٹ میں جاندار کم بیک کیا اور ٹائی بریک پر 7-6، (7-5) سے ہرا کر مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا، تیسرے سیٹ میں فیڈرر ایک مرتبہ پھر چھائے رہے اور انہوں نے کلچ کو 6-3 سے ہرا کر ایک مرتبہ پھر برتری حاصل کی لیکن چوتھے سیٹ میں کلچ نے فیڈرر کو 6-3 سے شکست دے کر مقابلہ ایک مرتبہ پھر 2-2 سے برابر کر دیا، پانچویں اور فیصلہ کن سیٹ میں فیڈرر مکمل طور پر کلچ پر حاوی رہے اور انہوں نے 6-1 سے کامیابی حاصل کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فتح کے بعد فیڈرر نے کہا کہ ٹائٹل جیتنے پر بے حد خوش ہوں۔
، مجھے یقین نہیں ہو رہا کہ میں چیمپئن بن گیا ہوں اور بلاشبہ یہ میرے لئے باعث فخر لمحہ ہے، مستقبل میں بھی کوشش ہو گی کہ عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید ٹائٹلز اپنے نام کروں۔