تازہ تر ین

طالبہ زیادتی کیس ،سینئرصحافی اور تجزیہ کار ملتان پہنچ گئے،وائس چانسلر سے بڑا مطالبہ کر دیا

ملتان(سپیشل رپورٹر) چیف ایڈیٹر روزنامہ خبریں جناب ضیاشاہد نے گزشتہ رات بہاءالدین زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر طاہر امین سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ریذیڈنٹ ایڈیٹر ”خبریں“ ملتان غفار احمد میاں اور ایجوکیشن رپورٹر ”خبریں“ فرید ملک، یونیورسٹی کے ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب اور ڈاکٹر مقرب اکبر بھی موجود تھے۔ اس ملاقات کی دعوت وائس چانسلر ڈاکٹر طاہر امین کی طرف سے دی گئی تھی۔ ملاقات میں وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے سرائیکی ڈیپارٹمنٹ کی طالبہ مرجان زیادتی کیس اور اس میں سرائیکی ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر اجمل مہار کا نام آنے کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے ازخود پروفیسراجمل مہار کو پولیس کے حوالے کیا اور یونیورسٹی انتظامیہ سے ہرطرح تعاون کررہی ہے۔ جناب ضیاشاہد نے کہا کہ اس کیس کے حوالے سے والدین اور سوسائٹی کے تمام طبقات میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور یہاں آنے سے قبل وہ ایک تقریب میں تھے، جہاں شہر بھر سے مختلف مکتبہ فکر کے لوگ موجود تھے اور ان سب میں اس معاملے پر ناصرف تشویش پائی جاتی تھی بلکہ عام تاثر یہی ہے کہ اس قسم کے گندے انڈوں کو اساتذہ کی تنظیمیں بچا لیتی ہیں اور پشت پناہی کرتی ہیں۔ انہوںنے وائس چانسلر سے کہا کہ آپ کو ایسی کالی بھیڑوں کے خلاف سخت اورفوری ایکشن لینا چاہےے اور انہیں نکال باہر کریں۔ چند مکروہ کردار کے حامل افراد کی وجہ سے یونیورسٹی کا تقدس اورپوزیشن خراب کیوں ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم سب اس یونیورسٹی کی بہتری کے لئے دعاگو ہیں۔ چیف ایڈیٹر ”خبریں“ نے کہاکہ عمومی تاثر یہ بھی ہے کہ سمسٹر سسٹم کی وجہ سے اساتذہ طالب علموں سے تو رشوت لیتے ہیں جبکہ طالبات پر دباﺅ ڈال کر انہیں ہراساں کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مجھے بہت سے فون موصول ہوئے ہیں اور اس حوالے سے ایک کالم کے جواب میں دو دن میں تین کالم بھی اُسی موضوع پر لوگوں کی طرف سے ہی موصول ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی انتظامیہ کا ماحول بہتر بنانے کے لئے سخت اقدامات کرنے ہونگے جس کے جواب میں وائس چانسلرڈاکٹر طاہرامین نے کہا کہ انہوںنے پہلے بھی رعایت نہیں کی اور اب وہ مزید سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔
ضیاشاہد

 


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain