ڈھاکا (ویب ڈیسک) اسپیشل کورٹ نمبر 5 کے جج اخترالزمان نے ملزمان کی موجودگی میں 632 صفحات پر مشتمل فیصلہ پڑھ کر سنایا، اس موقع پر کمرہ عدالت کھچا کھچ بھرا تھا۔ فیصلے کے مطابق سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کو کرپشن الزامات ثابت ہونے پر 5 سال، ان کے صاحبزادے طارق الرحمان اور دیگر 4 افراد کو 10،10 سال قید کی سزا کا حکم دیا گیا ہے۔عدالت نے طارق الرحمان کو 2 کروڑ 10 لاکھ ٹکہ جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا جو بنگلادیش نیشلسٹ پارٹی کے وائس چیئرمین ہیں۔ سیاسی کیرئیر میں خالدہ ضیاءمتعدد بار جیل گئیں لیکن انہیں کبھی سزا نہیں ہوئی اور 08-2007 کے دوران فوج کے زیرتسلط نگراں حکومت کے دور میں انہیں ایک سال تک کرپشن الزامات پر جیل میں قید کیے رکھا۔ عدالت کی جانب سے کرپشن کے جرم میں سزا کے بعد خالدہ ضیاءرواں سال دسمبر میں ہونے والے انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔
